کسان پیکج سبز انقلاب کا اضافی مدد گار عامل ہے،سیکرٹری زراعت

اتوار 11 دسمبر 2016 15:30

راولپنڈی۔11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2016ء)سیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمود نے کہا ہے کہ کسان پیکج سبز انقلاب کو عملی شکل دینے کے لئے اضافی مدد گار عامل ہے۔یہ پیکج کسان کے خوابوں میں تعبیر کا رنگ بھر نے کا سبب بھی ہے۔ کسان کو افلاس اور غربت کی دلدل سے نکالنے کے لئے حکومت پنجاب نے ٹھو س اور جوہری اقدامات کئے ہیں، کسان کی تقدیر جگانے کا وقت آگیا ہے۔

(جاری ہے)

کسان تنظیموں کے نمائندوں کے وفد سے ملاقات کے موقع پر انہوں نے کہاکہ کسان زمین کا سینہ چیر کر ہمارے لئے اجناس پیدا کرتا ہے لیکن یہ کسان جدید وسائل اور سہولتوں سے محروم رہا ہے اور اشرافیہ کسان کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ بنی ہے ۔انہوںنے کہاکہ اگر ماضی میں کسان کو جدید ذرائع فراہم کئے جاتے تو ملک میں زرعی انقلاب نمودار ہو تا اور کسان معاشی ترقی کی کئی منازل طے کر لیتا۔

سیکرٹری زراعت نے کہاکہ ہائی ٹیک سروس سینٹرز کے قیام سے کسان جدید مشینری استعمال کرکے اپنی پیداوار میں کئی گنا اضافہ کرسکے گا ، کسان پیکج میں حکومت نے اپنے وسائل کسان پر لٹا دئیے ہیں، اس کی ادائیگی میں کسی کی حق تلفی نہیں ہونے دی جائے گی اور ادائیگی کے عمل میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے۔