گیمبیا کے صدر اپنی انتخابی شکست تسلیم کر لیں، سلامتی کونسل

اتوار 11 دسمبر 2016 14:20

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 دسمبر2016ء)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے افریقی ملک گیمبیا کے صدر یحیی جامہ پر زور دیا ہے کہ وہ صدارتی انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے اقتدار اپنے نو منتخب صدر اداما بیرو کے حوالے کر دیں۔

(جاری ہے)

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا کہنا ہے کہ گیمبیا کے صدر یحیی جامہ صدارتی انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے اقتدار اپنے نو منتخب صدر اداما بیرو کے حوالے کر دیں۔

کونسل کے تمام پندرہ اراکین نے ایک اعلامیے میں گیمبیا میں طویل عرصے سے برسرِاقتدار چلے آ رہے صدر سے اپیل کی ہے کہ وہ عوام کی رائے کا احترام کریں۔ جامہ نے دسمبر کے اوائل میں منعقدہ انتخابات کے بعد ابتدا میں اپنی شکست تسلیم کر لی تھی تاہم جمعے کے روز انہوں نے اچانک نئے انتخابات کا مطالبہ کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ناقابلِ قبول غلطیوں کے باعث وہ اب ان انتخابی نتائج کو تسلیم نہیں کرتے۔