والدین کا بڑا مرتبہ اور مقام ہے اور والدہ کی بڑی شان ہے ‘ دنیا میں ماں کی محبت انمول اور بے لوث ہے‘پیر سید توصیف عباس شاہ

والدین کے اس دنیا سے چلے جانے کے بعد اولاد کا فرض ہے کہ وہ اپنے والدین کی مغفرت اور ایصال ثواب کے لیے دعائیہ تقریبات منعقد کروائیں

اتوار 11 دسمبر 2016 14:10

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2016ء) ممتازروحانی شخصیت الحاج پیر سید توصیف عباس شاہ نے کہا ہے کہ والدین کا بڑا مرتبہ اور مقام ہے اور والدہ کی بڑی شان ہے ۔ دنیا میں ماں کی محبت انمول اور بے لوث ہے ۔ اسی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے ماں کے قدموں تلے جنت رکھی ہے ۔ والدین کے اس دنیا سے چلے جانے کے بعد اولاد کا فرض ہے کہ وہ اپنے والدین کی مغفرت اور ایصال ثواب کے لیے دعائیہ تقریبات منعقد کروائیں ۔

والدہ کی ہستی کا کوئی نعم البدل نہیں ہے ۔ان خیالات کااظہار انھوں نے اے کے این ایس کے ممبر و معروف صحافی ملک عامرشہزاد اعوان کی والدہ ماجدہ مرحومہ کے سالانہ ختم شریف کی دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ اظہر حسین ساجد ، قاری صداقت علی خان ، علامہ محمد یونس گولڑوی ، انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک ، ایس سی او کے میڈیا ایڈ وائزر چوہدری جہانگیر شہزاد کے علاوہ معززین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی اور حمد و نعت کی محفل منعقد ہوئی ۔ جس میں علماء اکرام اور نعت خواں حضرات نے ہدیہ درود و نعت پیش کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے والدین کی عظمت رفتہ پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ والدین دنیا کی عظیم ہستیاں ہیں جن کی محبت اور پیار بے لوث اور انمول ہوتا ہے ۔ نیک اور صالح اولاد والدین کے اس دنیا میں ہونے اور ا س دنیا سے چلے جانے کے بعد ان کی یادمیں تقریبات منعقد کرکے ان کی یاد کو تازہ رکھتے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ والدین کا فیض تا قیامت جاری رہتا ہے ۔ اس موقع پر دعائیہ تقریب میں الحاج پیر سید توصیف عباس شاہ نے معروف صحافی ہفت روزہ تصنیف انٹر نیشنل کے چیف ایڈیٹر ملک عامرشہزاد اعوان کی والد ماجد ہ کے ایصال اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کروائی ۔

متعلقہ عنوان :