آزاد جموں و کشمیر سمیت دنیا بھر میں آخری نبی حضرت محمد ﷺ کا یوم ولادت آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا

اتوار 11 دسمبر 2016 13:21

میرپور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2016ء) پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر سمیت دنیا بھر کے مسلمان آخری نبی حضرت محمد ﷺ کا یوم ولادت آج(12دسمبر بروز پیر)نہایت مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائیں گے ۔ اس سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔اس مقدس دن کا آغاز فجر کے وقت مساجد میں خصوصی دعائوں کے ساتھ کیا جائے گا جس میں اسلام اور اسلامی تعلیمات کے فروغ ،اتحاد ویکجہتی ،امت مسلمہ کی ترقی و بہبود ،پاکستان اور کشمیر کے تحفظ اور استحکام ، مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کی آزادی کے لئے دعائیں کی جائیں گی ۔

حضرت محمد ﷺ کے یوم ولادت کے موقع پر گلیوں ،بازاروں ،سرکاری اور نجی عمارتوں کو رنگ برنگی لائیٹوں سے سجایا گیا ہے اورحضرت محمد ﷺ سے اظہار محبت کے لئے بینرز بھی لگائے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

12ربیع الاول کی مناسبت سے آزاد جموں کشمیرکے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں خصوصی جلوس اور محافل میلاد کا انعقاد کیا جائے گا۔اس سلسلے میں دارالحکومت مظفرآباد سمیت میرپور ،کوٹلی، باغ ،راولاکوٹ ،پلندری ،بھمبر ،وادی نیلم ،حویلی اور ہٹیاں کے اضلاع اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز اور شہروں اور دیہات میںعید میلاد النبی کے حوالے سے خصوصی تقریبات منعقد ہوں گی ،جن میں مذہبی سکالرز ،علماء کرام اور دیگر مقررین نبی آخری الزمان حضرت محمد ﷺ کی انسانیت کو اللہ کا پیغام پہنچانے، اسلامی تعلیمات کے فروغ اور مسلمانوں کو صحیح سمت دینے کے لئے ان کی بہترین اور عظیم خدمات کو خراج تحسین پیش کریں گے ۔

یہ دن مسلمانوں کے لئے اس عہد کی تجدید کا دن ہو گا کہ دنیا اور آخرت میں مسلمانوں کی نجات کا بہترین ذریعہ اللہ تعالی کے احکامات اور محمد ﷺ کی دی گئی تعلیمات اور قول پر سختی سے عمل کرنے پر ہے۔ سرور کونین ،خاتم النبین حضرت محمد ﷺ کے یوم ولادت کے سلسلے میں شہر اور دیگر اضلاع سے مختلف جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی جوبعد ازاں مرکزی جلوس جومرکزی جامع مسجد علامہ اقبال روڈ سے نکالا جائے گا میں شامل ہو جائیں گے جس میں تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میںشرکت کریں گے۔

اس موقع پرجلوس کے راستوں پر شہر کی مختلف تنظیموں کی طرف سے دودھ اورسافٹ ڈرنکس کی سبیلیں لگائی جائیں گی اور غریبوں ،یتیموں اور مساکین میں کھانا بھی تقسیم کیا جائے گا ۔عید میلاد النبی کے سلسلے میں آج آزاد کشمیر کے تینوں ریڈیو سیشنز میرپور ،مظفرآباد اور تاراخیل سے سیرت البنی اور اقوال کے حوالے سے خصوصی پراگرام نشر کئے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :