شدید فضائی آلودگی کے باعث زرد الرٹ جاری

چین کے کئی شمالی علاقے فضائی آلودگی کی لپیٹ میں آگئے آلودگی پیر کی رات تک چھائی رہے گی،برف باری کا بھی امکان

اتوار 11 دسمبر 2016 13:21

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 دسمبر2016ء)چین کے محکمہ موسمیات نے کئی صوبوں میں فضائی آلودگی کے باعث شدید انتباہ ’’زرد الرٹ ‘‘جاری کردیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی علاقوں کو فضائی آلودگی نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے،فضائی آلودگی پیر کی رات تک جاری رہے گی ،اس سے ان علاقوں میں حد نظر کم ہوگئی ہے،جس کی وجہ سے شاہراہوں پر نقل وحرکت میں احتیاط کا مشورہ دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق بیجنگ،تیان جن،ہیبی،شان ژی،ہینان اور شان ژی کے کئی علاقوں میں شدید فضائی آلودگی چھائی رہے گی۔جس سے سردی میں اضافہ ہوجائے گا تاہم پیر اور منگل کی درمیانی رات اس میں کمی آجائے گی۔چین کے شمالی علاقوں میں موسم سرما میں فضائی آلودگی میں اضافہ ہوجاتا ہے،جس کی وجہ سے موسم شدید سرد ہوجاتا ہے۔دریں اثناء محکمہ موسمیات نے ژین جیانگ،لیانے اور جیلن میں آئندہ دو دنوں میں برف باری کا بھی امکان ہے۔(خ م)