نائیجیریا ، چرچ کی چھت گرنے سے 60 افراد ہلاک، درجنوں زخمی،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ

حادثے کے وقت ریاست اکوا ابم کے گورنر بھی دیگر افراد کے ہمراہ چرچ میں موجود تھے جومعجزانہ طور پر محفوظ رہے،حکام

اتوار 11 دسمبر 2016 13:00

لاگوس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 دسمبر2016ء) نائیجیریا میں چرچ کی چھت گرنے سے 60 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق نائیجیریا کی ریاست اکوا ابم کے ایک چرچ میں دعائیہ تقریب جاری تھی کہ عمارت کی چھت اچانک نیچے آ گری جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر کم از کم 60 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

نائیجیرین حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت ریاست اکوا ابم کے گورنر بھی دیگر افراد کے ہمراہ چرچ میں موجود تھے تاہم وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو مختلف اسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے جب کہ واقعہ کی تحقیقات کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ نائیجیریا میں عمارت گرنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، ملک بھر میں ہر سال کئی عمارتیں گرنے کے واقعات میں سینکڑوں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں، حادثات کی وجہ عمارتوں کی تعمیر میں ناقص میٹریل کا استعمال ہے لیکن افریقی ملک میں بڑے پیمانے پر کرپشن کے باعث ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی۔

متعلقہ عنوان :