ملک بھر میںعید میلادالنبی ؐ (آج)مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منائی جائیگی

ملک و قوم کی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعائیں ،وفاقی دارالحکومت میں 31،صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21توپوں کی سلامی دی جائیگی ملک بھرمیں سیرت کانفرنسوں،محافل میلاد کا انعقاد اور جلوس نکالے جائیںگے ،سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی

اتوار 11 دسمبر 2016 12:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2016ء)محسن انسانیت ،نبی آخرالزمان حضرت محمد ﷺ کی ولادت با سعادت کی مناسبت سے ملک بھر میںعید میلادالنبی ؐ (آج)پیر بمطابق12 ربیع الاول (پیر) کے روز مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منائی جائیگی۔لاکھوں فرزندان توحید نماز فجر کی ادائیگی کے بعد بارگاہ رب العزت میں ملک کی بقا، سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے دعائیں مانگیں گے ،سرکاری طورپردن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوگا۔

اس دن کی مناسبت سے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھرمیں سیرت کانفرنسوں،محافل میلاد کا انعقاد اور جلوس نکالے جائیںگے جن میں علمائے کرام سرور انبیاء، رحمت للعالمینؐ کے اسوہ حسنہ پر روشنی ڈالیں گے اورمعرو ف نعت خواں نذرانہ عقیدت پیش کرنے کریں گے۔

(جاری ہے)

جشن عید میلاد النبیؐ کی مناسبت سے محبان رسول کی طرف سے شہری اور دیہی علاقوں میں رہائشگاہوں، شاہراہوں، گلی کوچوںاور بازاروں کو خوبصورت جھنڈیوں، برقی قمقوں اور دیگر زیبائشی اشیا سے سجانے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مساجد، نجی و سرکاری عمارتوں پر بھی چراغاں کردیا گیا۔

نبی آخر الزمان کی ولادت با سعادت کی مناسبت سے کئی مقامات پر کیک بھی کاٹے جائیں گے جبکہ مستحقین میں نیاز بھی تقسیم کی جائے گی ۔وفاقی اور صوبائی حکومتو ں کی طرف سے عید میلاد النبیؐ کے روز عام تعطیل کااعلان کیا گیا ہے اور اس مناسبت سے اسٹیٹ بنک سمیت تمام مالیاتی ادارے ، تجارتی مراکز ، تینوں سٹاک ایکسچینجز بند رہیں گی جبکہ عدالتیں ، سینما گھر اور تھیٹر زبھی بند رہیں گے ۔

مختلف مذہبی تنظیموں کی طرف سے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں عید میلادالنبیؐ کی مناسبت سے جلوس نکالے جائیں گے جس کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے عید میلاد النبیؐ پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کر لئے گئے ہیں۔ اس موقع پر رضاکاروں کی بھی معاونت حاصل کی جائے گی ۔ جلوسوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا انتظام کیا گیا تاکہ کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جاسکے ۔ سرکاری ہسپتالوں کے ایم ایس صاحبان کو کسی بھی طرح کی ایمر جنسی سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کے پیشگی احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔