بھارت نے اپنی فورسز کوکشمیریوںکو کچلنے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے ، محمد فاروق رحمانی کا اقوا م متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدرکے نام خط

اتوار 11 دسمبر 2016 11:40

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2016ء) جموںوکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے صدر Choi Kyonglim کے نام ایک خط میں ان پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی فورسز کے ہاتھوں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔ انہوں نے لکھا کہ بھارت نے اپنی فورسز کو حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں مصروف کشمیریوں کو مقبوضہ علاقے میںکئی دہائیوں سے نافذ کالے قوانین کے تحت حاصل بے لگام اختیارات کے ذریعے کچلنے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر چیئرمین یو این ایچ آرسی کے نام ایک خط میں لکھا کہ بھارت نے عالمی ادارے کی جنرل اسمبلی کی طرف سے 10دسمبر1948کو پاس کیے جانے والے انسانی حقوق کے اعلامیے کی کبھی بھی پاسداری نہیں کی جس میں تمام ملکوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے آئین اور قوانین کو اس اعلامیے سے ہم آہنگ بنائیں۔

(جاری ہے)

محمد فاروق رحمانی نے لکھا کہ بھارت نے 1947کے موسم خزان میںاپنی فوج کشمیر کی خود مختار ریاست میں اتاری اور اس نے اپنا یہ فوجی قبضہ اب تک برقرار رکھا ہوا ہے ۔خط میںلکھا گیا کہ کشمیریوںاور بھارت کے درمیان بے انتہا عدم مطابقت ہے اور بھارت نے مقبوضہ علاقے میں شہریوں کے خلاف خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے ۔ محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد کے علاقے آرونی کا حوالہ دیا جہاں بھارتی فوج اور پولیس نے حال ہی میں عسکریت پسندوںکے خلاف ایک مشترکہ آپریشن کے نام پر کئی نوجوانوں کو مار ڈالا۔

انہوں نے لکھا کہ بھارت نے 8جولائی 2016سے اب تک کشمیری نوجوانوںکی ایک بڑی تعداد کو شہید ،ہزاروں کو زخمی، سو سے زائد کو بصارت سے محروم جبکہ بہت سوں کو گرفتار کیالیکن اقوم متحدہ اس المناک صورتحال کا نوٹس لینے میں ناکا م رہاجس کے باعث بھارت کومقبوضہ علاقے میں فوج اور پولیس کی تازہ دم کمک لاکر شہریوںکو وحشیانہ طریقے سے دبانے کی شہہ ملی۔ محمدفاروق رحمانی نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور جنرل اسمبلی کے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے اور جموںوکشمیرکے بارے میں عالمی ادارے کی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :