دنیا بھرمیں انسانی حقوق کے تحفظ کا دن منایاگیا لیکن کشمیرمیں اس دن کی اہمیت کو بھی پامال کیا گیا، حریت فورم، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں کشمیر کی سنگین صورتحال کا سنجیدہ نوٹس لیں

اتوار 11 دسمبر 2016 11:40

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میں میرواعظ عمر فاروق کی زیر قیادت حریت فورم نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کے دفتر کی طرف پرامن مارچ کو روکنے کے لیے طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگرسے جاری ایک بیان میں کہا کہ مارچ کو ناکام بنانے کے لیے سید علی گیلانی،میرواعظ عمر فاروق اور دیگر حریت رہنمائوں کو گھروں میںنظربند کیا گیا ہے جنہیں مارچ کی قیادت اور فوجی مبصرین کو یادداشت پیش کرنا تھی۔

ترجمان نے کہاکہ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر پُر امن مارچ کو روکنا انسانی حقوق کی سب سے بڑی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب پوری دنیا میں انسانی حقوق کے تحفظ کا دن منایا جارہا ہے توخطہ کشمیر میں پہلے سے جاری بنیادی انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیرنے کے ساتھ ساتھ اس دن کی اہمیت کو بھی پامال کیا گیاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس دن کی مناسبت سے مرکزی جامع مسجد سرینگر سے حریت رہنمائوں اور کارکنوںنے جلوس نکالنے کی کوشش کی لیکن بھارتی فورسز اور پولیس نے جلوس کو خواجہ بازار سے آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی اور شرکاء کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔

جلوس میںمشتاق احمد صوفی ، محمد شفیع خان ، ایڈوکیٹ یاسر رئوف دلال، فاروق احمد سوداگر، ساحل احمد وار، عبدالرشید ٹنکی، ایڈوکیٹ مولوی محمد اشرف، جاوید احمد زرگر ، عبدالمجید وانی اور دیگر کارکنان شامل تھے۔ حریت رہنما انجینئر ہلال احمد وار نے اپنی نظر بندی توڑ کرکارکنوںکے ہمراہ مائسمہ سرینگر سے جلوس نکالنے کی کوشش کی لیکن انہیں بھی زبردستی روک دیا گیا ۔

ترجمان نے سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق، مختار احمد وازہ، شاہد الاسلام اور دیگر رہنمائوں اور کارکنوںکو مسلسل نظر بند رکھنے اور ان کی پر امن سیاسی سرگرمیوںپر پابندیاں عائد کرنے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے عالمی برادری خاص طور پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زوردیا کہ وہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر خصوصی توجہ دیں اور بھارتی حکومت اور اس کے کٹھ پتلی حکمرانوںکی جانب سے جاری ریاستی دہشت گردی، قتل و غارت اور انسانی حقوق کی بے دریغ پامالیوںکا سنجیدہ نوٹس لیں اوران کو روکنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔

متعلقہ عنوان :