لاہور :پنجاب میں دھند کا راج ، مختلف حادثات میں 12 افراد جاں بحق

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 11 دسمبر 2016 11:04

لاہور :پنجاب میں دھند کا راج ، مختلف حادثات میں 12 افراد جاں بحق

لاہور (دنیا نیوز ) پنجاب بھر میں شدید دھند کے باعث مختلف حادثات میں 12 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ، پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کے باعث حادثات کئی افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔ شجاع آباد میں شدید دھند کے باعث کالی پل کے قریب ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور وہ نہر میں جا گری جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے ۔

نہر سے تمام افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جن کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا ۔

(جاری ہے)

بد قسمت خاندان ملتان سے شجاع آباد آ رہا تھا ۔ ایک اور حادثہ وہاڑی کے قریب پیش آیا جہاں ٹریکٹر ٹرالی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس سے موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد جاں بحق ہو گئے ۔ سلانوالی کے قریب دھند کے باعث سرگودھا روڈ پر ڈمپر نے موٹر سائیکل پر سوار دو بھائیوں کو کچل دیا جس سے دونوں ہی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی دو مختلف حادثات میں دو افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے ۔ شدید دھند کے باعث نارووال میں بھی بس اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم کے نتیجے میں 4 مسافر زخمی ہو گئے جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔