جدہ: سعودی شہریوں کو نوکری دینے کیلئے حکومتی دباﺅ ,نجی کمپنیوں نے نیا طریقہ ڈھونڈ

اتوار 11 دسمبر 2016 10:32

جدہ: سعودی شہریوں کو نوکری دینے کیلئے حکومتی دباﺅ ,نجی کمپنیوں نے نیا ..

ریاض :(اردو پوائنٹ تازہ ترین ،11دسمبر2016): سعودی حکومت نے غیر ملکیوں کو نکال کر ان کی جگہ سعودی شہریوں کو بھرتی کرنے کا اعلان تو کردیا لیکن تربیت یافتہ سعودی ملازمین ڈھونڈے سے بھی نہیںمل رہے۔ تفصیلات کے مطابق متعدد شہروں میں افرادی قوت کی شدید کمی کی شکار کمپنیوں نے اس مسئلے کا ایسا حل ڈھونڈ لیا ہے کہ قانونی تقاضے بھی پورے ہو جائیں اور غیر ملکی ملازمین بھی دستیاب رہیں۔

مقامی اخبار کے مطابق کمپنیاں بظاہر تو سعودی نوجوانوں کو 4000 ریال کی تنخواہ پر بھرتی کررہی ہیں لیکن دراصل انہیں دو ہزار ریال دئیے جاتے ہیں تا کہ یہ صرف کاغذی ملازم ہی رہیں۔ ایسی کمپنیاں بھی ہیں جو وزارت برائے افرادی قوت سے مطلوبہ پوائنٹ حاصل کرنے کے لئے کاغذی کارروائی تو پوری کرتی ہیں لیکن کاغذوں میں دکھائے گئے سعودی ملازمین کو کچھ بھی ادا نہیں کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

ایک شہری کا کہناہے کہ سعودی طلباءکی بڑی تعداد اپنے حالات کے پیش نظر اس قسم کی سکیموں کا حصہ بننے پر مجبور ہورہی ہے۔ سعودی حکومت سے ایچ آر ڈی ایف فنڈ وصول کرنے والے یہ طلبا عموماً دو سال کے لئے کمپنیوں سے وابستہ رہتے ہیں اور بعد میں ان کے لئے نئی ملازمت حاصل کرنا بھی مشکل ہوجاتا ہے کیونکہ کمپنیاں عموماً بھرتی کے لئے ایسے نوجوانوں کو ترجیح دیتی ہیں جنہوں نے ایچ آر ڈی ایف سپورٹ وصول نہ کی ہو۔