غیر قانونی اورغیر معیاری کلینکل لیبارٹریز کے خلاف کریک ڈائون کا حکم

ہفتہ 10 دسمبر 2016 23:50

فیصل آباد ۔10 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2016ء) ڈی سی اوسلمان غنی نے ضلع میں غیر قانونی اورغیر معیاری کلینکل لیبارٹریز کے خلاف کریک ڈائون کرنے کا حکم دیا ہے اور ضلعی محکمہ صحت وماحولیات کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ مشترکہ چھاپے مار کر خلاف قانون کام کرنے اور میڈیکل ویسٹ کے ذریعے بیماریاں پھیلانے والی کلینکل لیبارٹریز کوفوری طورپر سیل کریں اور سنگین خلاف ورزیوں کی صورت میں ان کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرائے جائیں۔

انہوں نے یہ حکم مختلف درخواست گزاروں کے موقف کی سماعت کرتے ہوئے جاری کیا جن کی کلینکل لیبارٹریز،ورکشاپس،پلاسٹک و سائزنگ فیکٹریز اورکارخانے ماحولیاتی آلودگی کا باعث بن رہے تھے۔ڈی سی او نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کلینکل لیبارٹریز کے پاس میڈیکل ویسٹ کو محفوظ اورمناسب انداز میں ٹھکانے لگانے کا خاطر خواہ بندوبست نہیں ہے اور بلڈ سیمپل حاصل کرکے سرنجوں کو کاٹ کرضائع نہیں کیاجارہا جس سے ان کے ذریعے بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ رہتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اًن کوالیفائیڈ افراد کی جانب سے کلینکل لیبارٹریز چلانے کے غیر قانونی کاروبار کو قطعاً برداشت نہیں کیا جاسکتااورکلینکل لیبارٹریز کے مالکان میڈیکل ویسٹ ہرگز جمع نہ کریں بلکہ اسے جلانے کے لئے متعلقہ کمپنی سے معاہدہ کریں۔۔