زرعی یونیورسٹی کے زیر اہتمام ہفتہ انسداد بدعنوانی کے سلسلہ میں اینٹی کرپشن واک

ہفتہ 10 دسمبر 2016 23:50

فیصل آباد ۔10 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2016ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سینئر ٹیوٹر آفس ‘شعبہ تعلقات عامہ و مطبوعات اور قومی احتساب بیور (نیب) کے اشتراک سے ہفتہ انسداد بدعنوانی منایا گیاجس میں طلباو طالبات کے مابین مقابلہ مضمون نویسی‘ مباحثہ جات‘ پوسٹر مقابلے‘ فوٹو گرافی کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر شعور اُجاگر کرنے کیلئے یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر اقراراحمد خاں کی قیادت میں اینٹی کرپشن واک بھی نکالی گئی۔

اقبال آڈیٹوریم سے شروع ہونے والی واک ایڈمن بلاک پر اختتام پذیر ہوئی جس میں طلبہ نے معاشرہ سے بدعنوانی ختم کرنے کے حوالے سے آگہی کتبوں اور پوسٹرز کے ذریعے دلچسپ سلوگنز کے ذریعے بدعنوانی سے نفرت کا اظہار کرتے ہوئے اس کے خاتمے پر زور دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں نے کہا کہ ہمیں انفرادی اور اجتماعی سطح پر اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں سے انصاف کرتے ہوئے معاشرے سے بدعنوانی ختم کرنے کیلئے متحرک کردار اد ا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنی گھریلو‘ معاشرتی اور خاندانی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ دفتری ذمہ داریوں سے بھی پوری طرح انصاف کریں تو اینٹی کرپشن مہم کے اہداف حاصل کرنے میں کافی حد تک کامیاب ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خود احتسابی ایسا موثر ہتھیار ہے جو انفرادی سطح پر ہر شخص کو بدعنوانی سے روک سکتا ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ اپنے اندر اس عمل کو رکنے نہ دیا جائے تاکہ برائی اور بدعنوانی کے موثرخاتمہ کیلئے ہر شخص اپنا کردار ادا کر سکے۔

انسداد بدعنوانی ریلی میں ڈین کلیہ زراعت ڈاکٹر محمد امجد‘سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر اطہر جاوید خاں‘ پرنسپل آفیسرشعبہ تعلقات عامہ و مطبوعات ڈاکٹر جلال عارف‘ چیف ہال وارڈن ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی اور ڈائریکٹر مانیٹرنگ رانا نذیراحمد بھی شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :