پاکپتن میں مچھلیوں کی نرسری کا تعمیراتی کام آئندہ ماہ شروع ہوگا

ہفتہ 10 دسمبر 2016 23:50

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2016ء)محکمہ فشریزپنجاب کی طرف سے مچھلی کے پونگ پالنے کے لئے پاکپتن کے علاقہ عارف والا میں آئندہ ماہ 12ایکڑ رقبہ پر مچھلیوں کی نرسری پرتعمیراتی کام شروع کرے گا۔محکمہ فشریز کے ڈپٹی ڈائریکٹر رانا ریاست نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے عارف والا کے قریب ساڑھے 12ایکڑ اراضی اس سلسلے میں حاصل کرلی ہے اور یہ منصوبہ تقریباً15ملین روپے کی لاگت سے ایک سال میں مکمل ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ اس فش نرسری سے 5لاکھ پونگ سالانہ کی پیداوار حاصل ہوگی اوریہ پونگ مقامی لوگوں کوسستے داموں فروخت کی جائے گی۔انہوںنے مزید بتایا کہ وہ ملتان میں پہلے ہی 4لاکھ پونگ تیارکررہے ہیں اور یہ پونگ پنجاب حکومت کے دیئے گئے ریٹ پر وہ کسانوں کو فراہم کیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مظفرگڑھ اور ڈیرہ غازی خا ن میں محکمہ فشریز نے نمکین اور کھارے پانی میں بھی مچھلی کی پیداوار کیلئے منصوبے شروع کیے ہیں۔انہوں نے مقامی لوگوں کو مچھلی کا کاروبار شروع کرنے کامشورہ دیتے ہوئے کہاکہ اس کاروبار میں نقصان کے خدشات نہ ہونے کے برابر ہے۔