سینیٹر عبدالقیوم سومرو کی زیر صدارت مذہبی ہم آہنگی امن کانفرنس

ہفتہ 10 دسمبر 2016 23:21

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2016ء)وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے مذہبی معاملات، عشر و زکواة سینیٹر عبدالقیوم سومرو نے کمشنر آفس میں ڈویژنل مذہبی ہم آہنگی امن کانفرنس کی صدارت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا دین اسلام امن، پیار اور محبت کا مذہب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ ہم سب مسلمانوں کے لئے برکت کا مہینہ ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے اپنے پیارے محبوب حضرت محمدﷺ سے نوازا اور دنیا کے کروڑوں لوگوں پر رحمتیں برسائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم سب مسلمان ہیں اور ہمارے درمیان کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ اس موقع پر علمائے کرام نے معاون خصوصی کو بجلی کی لوڈشیڈنگ، گیس پریشر میں کمی، صفائی کے انتظامات بہتر نہ کرنے کے حوالے سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے سیپکو انجنیئر کو ہدایت کی کہ وہ اس بابرکت مہینے میں لوڈشیڈنگ نہ کریں جس پر سیپکو انجنیئر نے یقین دہانی کروائی کہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی جبکہ گیس حکام نے بھی یقین دہانی کروائی کہ گیس پریشر کی کمی کو ختم کرکے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ کانفرنس کے دوران ڈپٹی کمشنر کاشف علی ٹیپو اور ایس ایس پی لاڑکانہ کامران نواز نے ربیع الاول کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کے متعلق بریفنگ دی۔