پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر جین فرینکوئس کا سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن کمپلیکس سکھر کا دورہ

ہفتہ 10 دسمبر 2016 23:20

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2016ء) پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر جین فرینکوئس کوٹین ہفتہ کے روز سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن (سرسو) کے مرکزی کمپلیکس سکھر پہنچے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر سرسو محمد دتل کلہوڑو کے مطابق دورے کے دوران یورپین سفیر نے مقامی امدادی تنظیموں کے نمائندوں سے خطاب اور یورپی کونسل کی جانب سے غربت میں کمی کے پروگرام(یو سی بی پی آر پی)کے تحت تجربات اور کمیونٹی پر مبنی ترقی کی بابت جائزہ لیا اور کمیونٹی انوسٹمنٹ فنڈ (سی آئی ایف)، ووکیشنل ٹریننگ پروگرام (وی ٹی پی) اور مائیکرو ہیلتھ انشورنس (ایم ایچ آئی) سمیت دیگر فوائد حاصل کرنے والوں کے ساتھ ملاقاتیں بھی کیں۔

انہوں نے ضلع شکارپور کے مختلف یونین کونسلوں کا دورہ کیا اور مختلف دیہاتوں میں سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن کے تحت یورپی یونین کی مالی امداد سے جاری منصوبوں سے بہرہ ور ہونے والے طبقات سے ملاقات کیں۔

(جاری ہے)

اپنے دورے کے دوران یورپی یونین کے سفیر نے ضلع شکار پور کی یو سی بھرکن کے دیہات سموں میں یونین کونسل کی جانب سے غربت میں کمی کے پروگرام کے ذمہ داران کے ساتھ بھی بات چیت کی۔

انہیں مقامی امدادی تنظیموں (ایل ایس او) مہران کی کمیونٹی رہنماؤں کی طرف سے بریفنگ دی گئی جبکہ انہوں نے کمیونٹی انوسٹمنٹ فنڈ (سی آئی ایف)‘ ووکیشنل ٹریننگ پروگرام (وی ٹی پی) اور مائیکرو ہیلتھ انشورنس (ایم ایچ آئی) سمیت دیگر فوائد حاصل کرنیوالوں کے ساتھ ملاقاتیں بھی کیں۔ یورپین سفیر نے یورپی یونین کی طرف سے فنڈز فراہمی کی بابت مشاہدہ کیا۔

یورپی یونین کے سفیر نے اس موقع پر کہا کہ انہوں نے افغانستان میں بھی کام کیا اور وہاں کمیونٹیز کو متحرک کرنے کی کوشش کی تھی، سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن کے بنیادی فلسفہ شراکت، شمولیت اور یکجہتی، خدمات، منصوبہ بندی اور ترقی، کاروبار کی تخلیق، بچت، تنازعات کے حل، مقامی حکام کے ساتھ مذاکرات اور مختلف شعبوں میں معاشی خوشحالی کے فروغ کے طور پر کام کئے جانے کی بابت نقطہ نظرقابل اطمینان ہے جس سے شمالی سندھ بھر میں وسیع پیمانے پر کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔

اس موقع پرچیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سرسو‘ محمد دتل کلہوڑو نے بتایا کہ صوبائی حکومت سندھ نے 2009ء میں دیہی امداد کے پروگراموں کی حکمت عملی کے تحت شمالی سندھ کے دو سب سے زیادہ پسماندہ اضلاع کشمور ۔کند ھ کوٹ اور شکار پورکیلئے یونین کونسل کی سطح پر غربت میں کمی کے پروگرام (یو سی بی پی آر پی) کی منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ یو سی بی پی آر پی پروگرام کا بنیادی مقصد صرف خواتین کی حیثیت کو بہتر بنانا اور ان کی صلاحیت خود اعتمادی کے ساتھ انہیں اقتصادی طور پر مستحکم و با اختیار بنایا جانا ہے۔ سرسو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے اس موقع پر ریجن کے پسماندہ علاقوں میں غربت کم کرنے میں مدد کرنے کیلئے مختلف منصوبوں کیلئے تعاون پر یورپی یونین کے سفیر کا شکریہ ادا کیا۔