دور حاضر کی جملہ جدید سہولیات کو استعمال کرکے صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں‘ قاضی شاہد پرویز

ہفتہ 10 دسمبر 2016 22:00

حیدرآباد - (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2016ء)ڈویزنل کمشنر حیدرآباد و ڈائریکٹر جنرل ایچ ڈی اے قاضی شاہد پرویز نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دور حاضر کی جملہ جدید سہولیات کو استعمال کرکے صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں ، اور صارفین کی شکایات کو نا صرف اہمیت دی جائے بلکہ اسکے فوری سدباب کویقینی بنایا جائے ۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ایچ ڈی اے مین سیکریٹریٹ میں واسا ویب سائیٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مینیجنگ ڈائریکٹر واسا مسعود احمد جمانی ، چیف انجنیئر ایچ ڈی ای طاہر احمد ، سیکریٹری ایچ ڈی اے قاضی محمد افضل ، ڈائریکٹر فنانس اینڈ کمرشل واسا سید محسن نذر جعفری ، ڈائریکٹر کمیونٹی ڈولپمینٹ سید ندیم رضوان ، ایڈییشنل ایم ڈی واسا سلیم الدین ، ایگزیکیوٹو لا آفیسر لیاقت شیخ ودیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر حیدرآباد نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ واسا ویب سائیٹ کی تیاری ایک مستحسن اقدام ہے اس سے صارفین کو بہت حد تک سہولیات حاصل ہونگی تاہم صارفین کی شکایات اور ان کے فوری سد باب کے حوالے سے بھی فیچرز شامل کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ واسا کے پاس فرض شناس اور قابل افسران کی ایک اچھی ٹیم موجود ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دور حاضر کی جدید سہولیات کے موثر استعمال کے ذریعے صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ قبل ازیں ڈائریکٹر فنانس اینڈ کمرشل سید محسن نذر جعفری نے ویب سائیٹ کے ذریعے فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی آگاہی دی۔