وائی ایف کے کی جانب سے عالمی یوم انسانی حقوق پر کشمیر کیلئی200 کبوتر آزاد

ہفتہ 10 دسمبر 2016 21:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 دسمبر2016ء)بین الاقوامی لابنگ گروپ یوتھ فورم فار کشمیر کی جانب سے فاطمہ جناح پارک، اسلام آباد میں عالمی انسانی حقوق کے دن دنیا کو امن کا پیغام بھیجنے کے لئے 200 کبوتر آزاد کیے گئے ۔ معروف لوگوں کی ایک بڑی تعداد جن میں سیاستدان، صحافی، انسانی حقوق کے کارکنان، رضاکاروں اورعام شہریوں کی بڑی تعداد شامل تھی، نے دنیا کو پیغام دیا کہ کشمیر میں امن کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر افضل بٹ سابق صدر پی ایف یو جے، سینئر کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال حسین ملک، سردار خالد ابراہیم صدرجے کے پی پی ، رمیش سنگھ رکن صوبائی اسمبلی پنجاب،نادیہ خٹک نوجوان کارکن پی ٹی آئی، اور دیگر نے کشمیر میں حالیہ صورتحال اور بھارتی فوج کے ظالمانہ کردار پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارت جو کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعوے دار ہے اس نے مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کو قتل کرنے کی مکمل آزادی دی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

تقریب کے شرکاء نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر کشمیر کے لوگوں کے لیے صدائے احتجاج بلند کی جائے اور پالیسی سازوں سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھارت پر دباو ڈالا جائے۔یوتھ فورم فار کشمیر، نوجوان کشمیریوں اور پاکستانیوں پر مشتمل ایک رجسٹرڈ اورغیر جانبداربین الاقوامی لابنگ گروپ ہے جو بھارتی فوجی قبضے میں کشمیریوں کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے۔