عطیہ خون سے مہلک بیماریوں کے خطرات کم ہوجاتے ہیں،ڈاکٹرفخر

ہفتہ 10 دسمبر 2016 21:09

پشاور۔10دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2016ء)خون عطیہ کرنے سے کینسر،شوگر اور دل کی بیماریوں کے خطرات کم ہوجاتے ہیں،بدقسمتی سے پاکستان میں خون کاعطیہ کرنے والے افراد کی تعداد انتہائی کم ہے جس کی سب سے بڑی وجہ معاشرے میں آگاہی کافقدان ہے،ان خیالات کا اظہارفرنٹیئرفائونڈیشن کے ایڈمنسٹریٹرڈاکٹرفخرزمان نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں سٹوڈنٹس سوسائٹی کی جانب سے منعقدہ بلڈڈونیشن آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا،ڈاکٹرفخرزمان نے کہا کہ پاکستان میں عطیات خون کے ضرورت مندزیادہ اور خون عطیہ کرنے والے افراد انتہائی کم ہے جس کے باعث امراض خون میں مبتلا مریضوں خصوصاً تھیلی سیمیا کاشکار بچوں کوخون و اجزائے خون کی فراہمی میں مشکلات کاسامنا کرناپڑتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہر انسان کیلئے ضروری ہے کہ وہ تین ماہ میں ایک مرتبہ خون عطیہ کرے تاکہ ضرورت مندوں کوخون کی کمی کاسامنا نہ ہوا،اس موقع پر ڈین فیکلٹی یواے ٹی نورمحمدنے بھی خطاب کیااورعطیہ خون کے مذہبی ومعاشرتی پہلوئوں پرروشنی ڈالی۔