ریلوے کی نج کاری کے خلاف ہوں، ترقی کے لئے مل کر کام کرنا ہو گا،خواجہ سعد رفیق

2018 سے پہلے ریلوے ملازمین کا سروس اسٹرکچر دے کر جائیں گے، وفاقی وزیر ریلوے کا لوکو شیڈ کینٹ اسٹیشن میں تقریب سے خطاب

ہفتہ 10 دسمبر 2016 20:48

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریلوے کی ترقی کے لئے مل کر کام کرنا ہو گا، ریلوے کی نجکاری کے خلاف ہوں، 2018ء سے پہلے ریلوے ملازمین کا سروس اسٹرکچر دے کر جائیں گے، کراچی میں 30 سال پہلے ٹرام چلتی تھی، کسی کو اس صورتحال کا ذمہ دار نہیں کہوں گا۔ ہفتہ کو کراچی میں لوکو شیڈ کینٹ اسٹیشن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ پاکستان ریلوے کی خرابی کا آغاز 1972 ء سے شروع ہوا اور40 سال سے ریلوے زبوں حالی کا شکار ہے، اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ4 سی5 سال میں سب ٹھیک ہوجائے گا تو یہ درست نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ میں عمران خان نہیں جو3 ماہ کے اندر ریلوے ٹھیک کرنے کا دعوی کردوں،40 سال کی خرابیاں دور کرنے کیلئی10 برس درکار ہیں، نعروں سے کام نہیں چلتا بلکہ کام کرنے سے بات بنتی ہے۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ ہم نے ریلوے کی بحالی اور اپ گریڈیشن کا چیلنج قبول کیا ہے،35 کروڑ روپے کی لاگت سے ریلوے کوارٹرز بنا رہے ہیں اور ریلوے کا خسارہ بھی بتدریج کم کررہے ہیں،2017 ء کے آخر میں ریلوے سروس اسٹرکچر دے کر جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے 2018 ء کے انتخابات میں محمد نواز شریف کو ایک بار پھر منتخب کیا تو کام کی رفتار مزید تیز کریں گے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ سی پیک کی کامیابی ہماری آئندہ نسل کا مستقبل ہے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی سرکلر ریلوے 20 سال پہلے تیار ہونا چاہئے تھی لیکن کسی حکومت نے اس جانب توجہ نہیں دی، سرکلر ریلوے کے لئے سندھ حکومت سے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا، ریلوے کی تمام ادائیگیاں اس کی آمدن سے پوری کی جا رہی ہیں، ریلوے کا پہیہ منزل کی جانب رواں دواں ہے، جو مزدوروں کے ساتھ زیادتی کرے گا، اسے سخت سزا ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے میں ہر ایک کو اس کا حق ملے گا، کسی کو بلیک میلنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی سیاسی دباؤ پر ریلوے میں بھرتیاں کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے کے ریٹائر ملازمین کو بروقت پنشن ادا کی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :