نبی کریمؐ کی ولادت مبارکہ سے انسانیت کو جینے کاحق ملا ‘قومی سیرت النبی ؐ کانفرنس

مسلم امہ کو مسائل کے حل کیلئے نبی رحمت ؐ کی تعلیمات سے رہنمائی لینا ہوگی،خواتین اپنے اخلاقی وسماجی حقوق کے تحفظ کیلئے سیدہ خاتون جنت فاطمة الزاء کی سیرت مبارکہ کواپنائیں، صوبائی وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا،نبیرہ عندلیب نعیمی،کرن ڈار،شازیہ کامرن ودیگر کاخطاب

ہفتہ 10 دسمبر 2016 20:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ نبی کریمؐ کی ولادت مبارکہ سے انسانیت کو جینے کاحق ملا۔نبی کریمؐ کی سیرت طیبہ کو اپنائے بغیر دنیا وآخرت میں کامیابی ممکن نہیں ،مسلم کو اپنے مسائل کے حل کے لئے نبی رحمت ؐ کی تعلیمات سے رہنمائی لینا ہوگی ،نبی کریم ؐ کی ولادت کی خوشی منانا اہل ایمان کی پہچان ہے ،ازل سے ابد تک نبی کریم ؐ کی عظمت کے ترانے گونجتے رہیں گے، آ پؐ کی آ مد پر تمام ارواح عالم نے خوشیاں منائی ہیں ،رشوت خوری،ناجائز سفارش ،بددیانتی کے اسلام میںکوئی گنجائش نہیں ،اسلامی اقدار پر عمل پیرا ہوکرہی قائداعظم محمدجناح اورعلامہ اقبال کے خواب کوشرمندہ تعبیر کیاجاسکتاہے ،ملک بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی کامیابی کیلئے تمام طبقات مثبت کردار ادا کریں ،مائیں بچوں کی تربیت اسلامی تعلیمات کی روشنی میں کریں ،خواتین اپنے اخلاقی وسماجی حقوق کے تحفظ کیلئے سیدہ خاتون جنت فاطمة الزاء کی سیرت مبارکہ کواپنائیںان خیالات کااظہار انہوں نے جامعہ سراجیہ نعیمیہ میں 32ویں قومی سیرت النبیؐ کانفرنس وتقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے ناظمہ جامعہ سراجیہ نعیمیہ وکن پنجاب اسمبلی نبیرہ عندلیب نعیمی،ایم این اے میڈم کرن ڈار،ایم پی اے شازیہ کامران ودیگر نے خطاب کیاجبکہ بیگم صفیحہ اسحاق،بیگم مسعود (ترکی)ایم پی اے رخسانہ کوکب،بیگم ڈاکٹر سرفراز نعیمی،بیگم مفتی انتخاب احمد نوری،مسز انیس ہمایوںاور ملک بھر سے نامو ر مذہبی وسماجی خواتین رہنمائوں سے مدارس کی معلمات،طالبات ،نعیمین ایسوسی ایشن و یمن ونگ کی عہدیداران ،کارکنان سمیت ہزاروں خواتین نے شرکت کی۔

اس موقع پر ناظمہ جامعہ سراجیہ نعیمیہ ورکن پنجاب اسمبلی نبیرہ عندلیب نعیمی خصوصی دعاکراتے ہوئے کہاکہ اے اللہ تعالی پاکستان سے دہشتگردی خاتمہ اور ملک کو امن وسلامتی کاگہوارہ بنادے۔اے اللہ رات کے اوقات میںہمیںتلاوت کلام پاک نصب فرما،اے اللہ ملک دشمن عناصر کے قلع قمع فرما،اے اللہ ملک وقوم کی بہتری کیلئے کام کرنے والوں کی حفاظت فرما،اے اللہ معاشرے سے بے حیائی اورعریانی کاخاتمہ فرمادے۔

اے اللہ پور ی قوم کو نیک کی راستہ پر چلنے والابنادے۔اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے ترک مذہبی سکالر بیگم مسعودنے کہاکہ جشن عید میلاد النبی ؐ کا حقیقی پیغام ہے کہ سیرت النبی ؐ کو عملی طور پر اپنی زندگیوں میں رائج کیا جائے۔ایم این اے کرن ڈار نے شرکاء سے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کیاکہ رسول ؐ کی ولادت با سعادت سے پوری دنیاسے جہالت اور تاریکی کاخاتمہ ہوا ۔

رکن پنجاب اسمبلی شازیہ کامران نے کہاکہ مسلمانوںکی بقاء اسی میں ہے کہ آپ ؐ کے احکام کیمطابق زندگی گزاری جائے ۔دین اسلام امن و آشتی کا درس دیتا ہے اللہ اور اس کے رسولؐ کا قرب اور اطاعت کے بغیر انسان کسی صورت دنیا اور آخرت میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔کانفرنس میں طالبات نے نبی کریم ؐ کے بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کرکے جشن کاسماں بند دیا۔تقریب کے دوران جامعہ سراجیہ نعیمیہ سے حفظ اورتجوید وقرأت کی تکمیل پر 23حافظہ طالبات اور70قاریہ طالبات میںاسناداورانعامات تقسیم کئے گئے۔