حکومت چار مطالبات مانے ورنہ ہم نے تحریک شروع کی تو نیندیں اڑجائیں گی، مولا بخش چانڈیو

عمران خان انگلیوں کا آسرا چھوڑیں ، عوام پر اعتماد کریں ، ہم نے پہلے ہی کہا تھا تبدیلی انگلی کے اشارے سے نہیں بلکہ سیاسی اتحاد سے آئے گی،مولابخش چانڈیو

ہفتہ 10 دسمبر 2016 20:37

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2016ء)وزیراعلیٰ سندھ کے مشیربرائے اطلاعات مولا بخش چانڈیونے کہاہے کہ بلاول بھٹو کے چار مطالبات فوری مانے جائیں، بلاول نے تحریک کا آغاز کیا تو 27دسمبر کے بعد حکمرانوں کے سکون کے دن ختم ہوجائیں گے،عمران خان بہت بڑے لیڈر ہیں، ہم ان کے سامنے بچے ہیں، خود کو طرم خان سمجھتے ہیں، سیاسی اتحاد پر نہیں اکیلے فیصلے کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

ہفتہ کوحیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ بلاول بھٹو کے 4 مطالبات فوری طور پر مانے جائیں ورنہ حکومت کے چین کے دن ختم ہوجائیں گے اور پھر ہم نے تحریک کا آغاز کیا تو آپ کی نیندیں حرام ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عابد شیرعلی چاہتے ہیں کہ حکومت دبا ئومیں رہے تاکہ ان کے والد کا خواب پورا ہو کیونکہ حکومت نے رانا ثنا اللہ کو اپنے ساتھ رکھا ہوا ہے جب کہ (ن) لیگ کا کوئی بھی اچھی شہرت والا رہنما پاناما معاملے پر حکومت کا دفاع نہیں کرتا، اب پاناما کیس ان کو نہیں چھوڑے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم دعوے نہیں کریں گے لیکن عوام کو جگائیں گے، سڑکوں پر لائیں گے،ن لیگ کو پاناما لیکس نے پریشان کر رکھا ہے، ان کی کوشش ہے کہ پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف والوں کو غصہ دلائیں۔مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ پاناما ان کو نہیں چھوڑے گا لیکن کچھ غلطی ہمارے یاروں کی بھی ہے،ہمارے چار مطالبات مانے جائیں، ورنہ 27 دسمبر کے بعد آپ کے سکون کے دن ختم ہو جائیں گے،اگر آپ وزیراعظم کے خیرخواہ ہیں تو معاملات کو ٹھیک کریں۔

انہوں نے پی ٹی آئی پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان بہت بڑے لیڈر ہیں، ہم ان کے سامنے بچے ہیں، خود کو طرم خان سمجھتے ہیں، سیاسی اتحاد پر نہیں اکیلے فیصلے کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ عمران خان کا کہنا تھا کہ رائے ونڈ جا رہا ہوں، اینٹ سے اینٹ بجادوں گا، جب رائے ونڈ پہنچے تو پھر کہا مجھے پتا ہی نہیں تھا کہ محرم آرہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان انگلیوں کا آسرا چھوڑیں اور عوام پر اعتماد کریں کیوں کہ ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ تبدیلی انگلی کے اشارے سے نہیں بلکہ سیاسی اتحاد سے آئے گی، عمران خان آئیں اور اپوزیشن سے بات چیت کریں تو مل کر کوئی لائحہ عمل بنائیں گے۔مولا بخش چانڈیو نے متحدہ قومی موومنٹ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میںکہاکہ ایم کیو ایم کی کسی نے تقسیم نہیں کی، ایم کیو ایم نے خود ہی کردی ہے۔

صوبائی مشیراطلاعات نے کہا کہ پنجاب کوئی جادو نگری ہے کہ اس کے مسائل کا کوئی تذکرہ نہیں کرتا، صرف لاہور کا امن وامان تو دیکھیں کتنے اغوا کی وارداتیں ہیں اور گاڑیاں اسلحہ کے زور پر لوٹ لی جاتی ہیں، لاہور کے لوگ امن امان کو رو رہے ہیں جس کی شہریوں نے ہم سے شکایات کی، پنجاب میں مچھر نے مستی مچا رکھی ہے، کوئی سد باب نہیں ہو رہا، ایک مچھر ان سے کنٹرول نہیں ہو رہا۔