وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی عیدمیلادالنبیؐ کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت

قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس رہیںاورسماج دشمن عناصر پر کڑی نگاہ رکھی جائے سکیورٹی انتظامات میں کوتاہی یا غفلت کی کوئی گنجائش نہیں،وزیراعلیٰ کی لندن سے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کو ہدایات

ہفتہ 10 دسمبر 2016 20:37

لاہور۔10 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2016ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اورقیام امن سے بڑھ کر کوئی اور ترجیح نہیں ہوسکتی لہٰذا عیدمیلادالنبیؐ کے موقع پر امن عامہ کی فضا یقینی بنانے کیلئے صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں اور اس ضمن میں وضع کردہ پلان کے مطابق جلوسوں کی سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے لندن سے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عیدمیلادالنبیؐ کے موقع پر قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس رہیں اور مربوط کوآرڈینیشن کے تحت اپنے فرائض سرانجام دیں۔ انہو ںنے کہا کہ موجودہ حالات میں امن عامہ یقینی بنانے کیلئے غیرمعمولی اقدامات ضروری ہیں لہٰذا پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے پوری جانفشانی اور تندہی سے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور سماج دشمن عناصر پر کڑی نگاہ رکھی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عیدمیلادالنبیؐ کے جلوسوں کی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے۔ سینئر پولیس و انتظامی افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور سیکورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں اورمنتخب نمائندے بھی اپنے اپنے علاقوں میں کئے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں جبکہ صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان عیدمیلادالنبیؐ کے موقع پرکئے گئے سکیورٹی انتظامات کی تسلسل کے ساتھ باقاعدہ مانیٹرنگ کرے۔

انہو ںنے کہا کہ سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت کی کوئی گنجائش نہیں،وضع کردہ سکیورٹی پلان پر پوری طرح عملدرآمد کیا جائے۔ وزیر اعلی نے مزید ہدایت کی کہ عید میلاد النبیؐ کے موقع پر امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کیلئے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قیام امن کیلئے مرتب کی گئی مربوط حکمت عملی پر عملدرآمد یقینی بنائیں ۔