عدالتی کمیشن کے قیام کاجماعت اسلامی کا مطالبہ ناقابل فہم ہے،الطاف شکور

ہفتہ 10 دسمبر 2016 20:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 دسمبر2016ء)پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے کہا ہے کہ تحقیقاتی اور عدالتی کمیشنوں کی تاریخ بتاتی ہے کہ یہ بے نتیجہ اور وقت کاضیاع ہیں،فوری عدالتی فیصلہ عوام کے دلوں کی آواز ہے،اسی میں عوام اورپاکستان کا مفاد ہے۔جماعت اسلامی کی جانب سے کمیشن کے قیام کا مطالبہ ناقابل فہم ہے۔ جماعت اسلامی سمیت ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو کرپشن کے خاتمے اور پانامہ لیکس پر عدالت کے فوری فیصلے کے عوامی مطالبے کو اولین ترجیح دینی چاہئے۔

تحقیقاتی ادارے حکومت کے دبائو سے نکل کر عدالت کی معاونت کریں ،ملک کے کروڑوں عوام کا مفاد اسی میں ہے کہ پانامہ لیکس کی تیزترین سماعت کی جائے اور سپریم کورٹ فوری فیصلہ دے تاکہ کرپشن کی غلاظت سے لتھڑے ہوئے سیاستدانوں کو بے نقاب کرکے عوام کی جان ان سے ہمیشہ کیلئے چھڑادی جائے۔

(جاری ہے)

پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے کہا عوام کو قانونی پیچیدگیوں اور ٹیکنیکل خامیوں سے کوئی غرض نہیں ،عوام فوری فیصلہ اور انصاف چاہتے ہیں۔

ماضی میں بنائے گئے کمیشنوں کی رپورٹس آج بھی دھول اور مٹی میں اٹے ہوئے الماریوں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔سقوط مشرقی پاکستان سمیت متعدد کمیشنوں کی رپورٹس منظر عام پر ہی نہیں لائی گئیں جس کے نتیجے میں عوام کا اعتماد حکومتوں اور اداروں سے اٹھ گیا۔انہوں نے کہا کہ جب غریب ملزموں کو شک کا فائدہ نہیں ملتا تو بااثر ملزمان کو شک کا فائدہ کیوں دیا جائے، الطاف شکور نے کہا کہ پانامہ لیکس نے تمام کرپٹ سیاستدانوں کو ننگا کردیا ہے،معزز عدالت انہیں کپڑے پہننے کی مہلت ہرگز نہ دے۔