سندھ کی ترقی کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی ،پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ کی ترقی و تعمیر پر رواں سال 265 ارب روپے خرچ کررہی ہے

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 10 دسمبر 2016 20:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کی ترقی کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی ،پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ کی ترقی و تعمیر پر رواں سال 265 ارب روپے خرچ کررہی ہے ،صوبائی حکومت کراچی کے شہریوں کو پانی کی فراہمی ونکاسی آب سمیت تمام سہولیات فراہم کرے گی ،کراچی کے لئے فراہمی آب اور سیوریج کے منصوبوں سمیت دیگر ترقیاتی کاموں کے لئے 10ارب روپے کا پیکیج دیا ہے جس میں سے اکثر پر کام شروع ہوچکا ہے جبکہ دیگر پر جنوری میں کام شروع کردیا جائے گا وہ دھابیجی میں کراچی کے لئے 100ملین گیلن پانی کی فراہمی کے منصوبہ کے سنگ بینیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ، تقریب سے صوبائی وزیر بلدیات و چیئرمین واٹربورڈ جام خان شورو، واٹربورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر مصباح الدین فرید نے بھی خطاب کیا ،وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ واٹربورڈ ایک خودمختار ادارہ ہے جو شہریوں کو پانی کی فراہمی و نکاسی آب کی سہولیات فراہم کررہا ہے ، ہم اس کے مسائل حل کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کررہے ہیں ،سندھ حکومت واٹربورڈ پر کے الیکٹرک کے بل کی مد میں ہر ماہ 50کروڑ روپے ادا کررہی ہے اب تک ہم کے الیکٹرک کے واجبات کی مد میں 13ارب روپے ادا کرچکے ہیں انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی کے شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی ، دنیا کے بڑے شہروں کی صف میں کھڑے ہونے والے اس شہر کے لئے 10ارب روپے کا پیکج دیا ہے جس کے تحت مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے دیگر منصوبوں کا آغاز جنوری تک کردیا جائے گا ،واٹربورڈ شہریوں کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کے لئے منصوبے تیار کرے ،وزیر بلدیات جام خان شورو ہمیں جو منصوبہ بھیجیں گے اس کی فوری تکمیل کے لئے فنڈز کو فراہمی میری ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ پانی و سیوریج کے حوالے سے اب کوئی منصوبہ فنڈز کی وجہ سے تعطل کا شکار نہیں ہونے دیا جائے گا ، واٹربورڈ کے انجینئر تمام فنڈز کو دیانت داری اور ایمانداری سے استعمال کریں اور منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کریں،جاری منصوبے مئی تک مکمل ہوجائے چاہیں ،وزیراعلیٰ سندھ نے ایم ڈی واٹربورڈ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ واٹربورڈ بجلی کے بار بار کے بریک ڈاؤن سے بچنے کیلئے پمپنگ اسٹیشنوں پر اپنے پاور پلانٹ لگائے اور بجلی کے کیبل کی تبدیلی کے کام کا آغاز کیا جائے ،صوبائی حکومت پاورپلانٹ کے لئے ایک ارب 30کروڑ روپے کی گرانٹ دے گی ،انہوں نے کہا کہ دھابیجی میں نئے پمپنگ اسٹیشن کی تعمیر سے شہر کو 100ملین گیلن پانی کی فراہمی ممکن ہوجائے گی ،واٹربورڈکے 65ایم جی ڈی یومیہ پانی کی فراہمی کیلئے 7ارب روپے کا منصوبہ تیار کیا گیاہے،انہوں نے کہا کہ ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید این ای ڈی میں میرے سینئر تھے ،اب میں ان کا سربراہ ہوں ان سے ادب واحترام کا رشتہ ہے ،مصباح الدین فرید 35سال کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں،بعدازاں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی کو 260ملین گیلن پانی کی فراہمی کے منصوبے K-4 پر کام کی رفتارسمیت دیگر امور کی نگرانی کی جائے گی گزشتہ ہفتہ اس منصوبے پر ایف ڈبلیو او سے بھی تفصیلی میٹنگ ہوچکی ہے ،اس سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے کہا کہ مختلف منصوبوں پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہے ،شہری جلد خوشگوار تبدیلی محسوس کریں گے ،انہوں نے کہا کہ کراچی کو پانی کی فراہمی اور سیوریج کے پانی کی نکاسی کے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے اور کئی منصوبے زیر غور ہیں ، واٹربورڈ نے شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے کئی منصوبے تیار کئے ہیں ان کی فہرست طویل ہے ، پی پی کی صوبائی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں سنجیدہ ہے دریں اثنائ ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید نے وزیر اعلیٰ سندھ سمیت دیگر مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ جلد نئے منصوبوں پر کام کا آغاز کیا جارہا ہے شہریوں کی سہولت کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر بلدیات و چیئرمین واٹربورڈ کی ہدایت ہے کہ جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے اس کے معیار کا خیال رکھا جائے ان کے بھرپور تعاون کی بدولت واٹربورڈ چلیہ میں جدید لیباریٹری کے قیام اور دھابیجی سے کراچی کو اضافی 100ملین گیلن یومیہ پانی کی فراہمی کے منصوبے سمیت دیگر پر کام کا آغاز کرچکا ہے انہوں نے کہا کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن 1958میں قائم ہوا تھا وقت کے ساتھ ساتھ اس کی استعداد کار میں کمی واقع ہوتی گئی ،100ایم جی ڈی پانی کی فراہمی کے منصوبے سے کراچی کے لئے پانی کی فراہمی میں بہتری آئے گی ،انہوںنے کہا کہ اس سال پانی کی کمیابی میں نمایاں فرق آیا ہے،وزیربلدیات نے غیرقانونی ہائیڈرنٹس اور ناجائز کنکشنز کے خلاف اپنی موجودگی میں آپریشن کرایا اور خود بھی حصہ لیا یہی وجہ ہے کہ اس سال موسم گرما باالخصوص رمضان المبارک میں شہر کے اونچائی اور آخری سرے پر واقع آبادیوں کو بھی پانی فراہم کیا گیا جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے فری ٹینکرز سروس بھی اس ضمن میں بڑی ممد و معاون ثابت ہوئی ،ایم ڈی واٹربورڈ نے وزیراعلیٰ سندھ اور وزیربلدیات خصوصاً شہریوں کو یقین دلایاکہ واٹربورڈ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے ،انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے جس طرح ہماری صلاحیتوں پر اعتبار کیا ہے اور ہماری ہر طرح مدد کی ہے ہم اس صوبے کے سربراہ کو یقین دلاتے ہیں کہ وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیربلدیات کی توقعات پر پورے اتریں گے،ایم ڈی واٹربورڈ نے شہریوں کو پانی فراہمی و سیوریج کی نکاسی ان کی شکایات اور دیگر امور کی جانب توجہ دلانے پر پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا ،تقریب میں معززین شہر ضلع ٹھٹہ کی انتظامیہ ،کے ایس بی کنسورشم کے سربراہ ،سینئر صحافیو ں سمیت واٹربورڈ کے افسران ،واٹربورڈ انجینئراینڈ آفیسرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد اسلم خان ان کی کابینہ اور واٹربورڈ کی سی بی اے متحدہ ورکرز فرنٹ کے چیئرمین اور پیپلز لیبر یونین واٹربورڈ کے جزل سیکریٹری محسن رضا سمیت ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :