شہری علاقوں میں 3] دیہی علاقوں میں4گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے،آئیسکو ترجمان

ہفتہ 10 دسمبر 2016 20:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 دسمبر2016ء)آئیسکو ریجن میں لوڈ مینجمنٹ پلان کے مطابق لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے شہری علاقوں میں 3جبکہ دیہی علاقوں میں4گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جن علاقوں میں بجلی چوری اور لائن لاسز کا تناسب زیادہ ہے وہاں لوڈ شیڈنگ بھی معمول سے زیادہ کی جاتی ہے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی ( آئیسکو ) کے ترجمان کے مطابق آئیسکو ریجن میں متعین کر دہ لوڈمینجمنٹ پلان کے مطابق لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ، شہری علاقوں میں3جبکہ دیہی علاقوں میں 4گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے شیڈول پر سختی سے عمل کیا جارہا ہے ۔

ترجمان آئیسکو کے مطابق ریجن کے وہ علاقے جہاں پر بجلی چوری اور لائن لاسز کی شرح زیادہ ہے وہاں پر لوڈ شیڈنگ بھی طے شدہ شیڈول سے زیادہ کی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

آئیسکو کی جانب سے بنائی جانے والی انسداد بجلی چوری کی خصوصی ٹیمیں دن رات بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف سرگرم عمل ہیں اور بجلی چوروں کے خلاف ترمیم شدہ قوانین کی روشنی میں مقدمات بھی درج کروائے جارہے ہیں ۔

آئیسکو نے اس ضمن میں اپنے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی چوری جیسے گھناونے فعل میں ملوث افراد کی نشاندہی کریں اور بجلی چوری کے خاتمے کے لئے اپنا کردار اداکریں ۔ آئیسکو کے صارفین بجلی چوری کی اطلاع آئیسکوکی روشنی ایس ایم ایس سروس 8398اور آئیسکو کی ہیلپ لائن 118 پر بھی دے سکتے ہیں ۔ اور بجلی چوروں کیخلاف انتہائی سخت اقدامات کئے جارہے ہیں اور کسی بھی بجلی چور کیساتھ رعایت نہیں برتی جائیگی ۔