عباسی شہید اسپتال بدترین حالت میں ہے اور گزشتہ 6سالوں میں یہاں ادویات کی فراہمی سمیت دیگر سہولیات مہیا نہیں کی گئیں ،وسیم اختر

یہاں داخل ہونے والے مریضوں کو اسپتال کسی بھی قسم کی کوئی سہولت میسر نہیں کرپارہا اب ہم سے کہا جا رہا ہے کہ اسپتال کی حالت کو درست کریں

ہفتہ 10 دسمبر 2016 20:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2016ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ عباسی شہید اسپتال بدترین حالت میں ہے اور گزشتہ 6سالوں میں یہاں ادویات کی فراہمی سمیت دیگر سہولیات مہیا نہیں کی گئیں جس کے باعث اسپتال اپنی اہمیت و افادیت کھو چکا ہے یہاں داخل ہونے والے مریضوں کو اسپتال کسی بھی قسم کی کوئی سہولت میسر نہیں کرپارہا اب ہم سے کہا جا رہا ہے کہ اسپتال کی حالت کو درست کریں ، مجھے اسپتال کی صورتحال دیکھ کر انتہائی افسوس اور دکھ ہوا ہے۔

یہ بات انہوں نے عباسی شہید اسپتال کے تفصیلی دورے اور 10نئی ڈائیلیسز مشینوں کی تنصیب کے بعد ان کا افتتاح کرتے ہوئے کہی، میئر کراچی نے تین گھنٹے تک ٹراما سینٹر، اسپتال کے مختلف وارڈز، انتظامی شعبہ جات اور اسپتال میں داخل مریضوں سے ملاقات اور ان کے تیمارداروں سے مسائل سننے میں گزارے انہوں نے کہا کہ اسپتال کا کوئی پرسان حال نہیں ہے اس صورتحال میں یہاں مریض داخل ہوجائے تو اس کا علاج کیا ہوگا کوئی چیز ٹھیک نہیں ہے اسپتال کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا گیا ہے جب کراچی کے اس تیسرے بڑے اسپتال کا حال یہ ہے تو کے ایم سی کے دیگر اسپتالوں کا کیا حال ہوگا انہوں نے کہا کہ جہاں حکومت سندھ نے اسے نظر انداز کیا وہاں ہم سے بھی کئی غلطیاں سرزد ہوئی ہیں انہوں نے کہا کہ اب پرچی نہیں چلے گی صرف میرٹ پر کام ہوگا، ڈاکٹرز،پروفیسرز،میڈیکل اور پیرامیڈیکل اسٹاف اپنی ڈیوٹی ایمانداری سے انجام دیں ، اسپتال سے متعلق کوئی ملازم اگر کسی سے سفارش کرائے گا تو میں نہیں سنوں گا اور اس شخص کو اسی کے پاس بھیج دیا جائے گا ، چوری اور چکاری بند کی جائے ، اب ٹھیک طرح سے کام کرنا ہوگا ہمارے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ ادارہ مضبوط ہوسکے، انہوں نے کہا کہ جو لوگ راہ میں حائل ہوں گے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی کیونکہ اب ہمیں بہتری کی طرف چلنا ہے انہوں نے کہا کہ اسپتال کی اندرونی و بیرونی صفائی کی صورتحال انتہائی خراب ہے یہاں آنے والے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو کتنی خراب صورتحال سے گزرنا پڑتا ہوگا اسی کا احساس کریں، تمام مشینوں کی صورتحال انتہائی خراب ہے جس کے باعث یہاں علاج کے لئے آنے والے مریضوں ایکسرے، ادویات اور دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

(جاری ہے)

میئر کراچی نے کہا کہ میرے پاس یہ بھی اطلاعات ہیں کہ سینئر ڈاکٹرز یہاں ڈیوٹی انجام نہیں دیتے اگر انہیں غریب مریضوں کی فکر نہیں ہے تو اب ان کے ساتھ بھی کوئی رعایت نہیں کی جائے گی اس سے قبل چیئرمین ضلع شرقی ریحان ہاشمی،سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر محمد علی عباسی ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ عباسی شہید اسپتال ڈاکٹر ندیم راجپوت نے بھی خطاب کیا اور اسپتال کے مسائل اور اس کی بہتری کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :