منہاج القرآن کی 33 ویں میلاد کانفرنس کل مال روڈ پر ہو گی ، تیاریاں مکمل

ڈاکٹر طاہر القادری خطاب کریں گے،علماء و مشائخ،مذہبی و سیاسی جماعتوںکے قائدین شرکت کریں گے دیگر شہروں سے آنیوالے قافلوں کی رہنمائی کیلئے لاہور کے داخلی راستوں پر استقبالیہ کیمپ لگا دئیے گئے ہیں‘جواد حامد

ہفتہ 10 دسمبر 2016 20:01

منہاج القرآن کی 33 ویں میلاد کانفرنس کل مال روڈ پر ہو گی ، تیاریاں مکمل
ْلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2016ء) تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام 33 ویں عالمی میلاد کانفرنس کل ( اتوار )لاہور مال روڈ پر ہو گی ۔کانفرنس کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔مال روڈ پر سٹیج اور مرد و خواتین کے الگ الگ بیٹھنے کیلئے پنڈال تیار کر لئے گئے ۔اتوار 11 ربیع الاول کی رات 7 سے 9 بجے تک ہر خاص و عام کیلئے ضیافت میلا د کا اہتمام ہو گا ۔

کانفرنس میں لاکھوں مرد و خواتین شرکت کر کے حضور ﷺ کی ولادت کا جشن منائیں گے مال روڈ چیئرنگ کراس سے ناصر باغ تک عالمی میلا د کانفرنس کا پنڈال بنایا گیا ہے۔پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کانفرنس سے خصوصی خطاب کریں گے ۔عالمی میلاد کانفرنس میں پاکستان سمیت پوری اسلامی دنیا سے نمائندگی کیلئے سکالرز شرکت کریں گے ۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں عرب ممالک اور وطن عزیز کے نامور قرا و نعت خوان آقائے دو جہاں کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کریں گے ۔پورے ملک سے جید علماء و مشائخ،مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین،سماجی رہنماء ،تاجر برادری ،وکلاء ،مزدور،طلبہ تنظیموں کے قائدین عالمی میلاد کانفرنس کے سٹیج پر موجود ہوں گے ۔لاہور مال روڈ کے تاجر عالمی میلاد کانفرنس2016 کے میزبان ہونگے ۔

ان خیالات کا اظہار لاہور مال روڈ پر عالمی میلاد کانفرنس 2016 کے انتظامات و تیاریوں کا حتمی جائزہ لیتے ہوئے سیکرٹری میلاد مہم 2016 جواد حامد نے انتظامی کمیٹیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر عرفان یوسف ،سعید اختر، حافظ غلام فرید ،میاں زاہد جاوید ،شہزاد رسول،حاجی اسحق،راجہ ندیم ،چودھری افضل گجر ،امتیاز اعوان،چودھری ریاض و دیگر موجود تھے ۔

جواد حامد نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی ابتر صورتحال کے پیش نظر عوامی تحریک اور منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے ہزاروں نوجوان سکیورٹی کی ڈیوٹی انجام دیں گے ۔پنڈال کے اندر اور باہر اور مال روڈ سے ملحقہ سڑکوں پر دیو قامت جدید سکرینوں کے ذریعے سٹیج کی کارروائی کو براہ راست دکھایا جائے گا ۔منہاج القرآن کی ویب سائٹس پر بھی کانفرنس کی کارروائی کو براہ راست دیکھا جا سکے گا ۔

اس طرح بالواسطہ طور پر کانفرنس میں کروڑوں عشاقان رسول ﷺ شامل ہو کر حضور ﷺ اپنی محبت کا اظہار کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سخت موسم کے باوجود صرف لاہور شہر سے لاکھوں مرد ، خواتین،بچے ،بوڑھے عالمی میلاد کانفرنس میں شریک ہو کر آمد مصطفی ﷺ کا جشن منائیں گے جواد حامد نے بتایا کہ ملک کے دیگر شہروں سے لاہور مال روڈ پر پہنچنے والے قافلوں کی رہنمائی کیلئے لاہور شہر کے مختلف داخلی راستوں پر استقبالیہ کیمپ لگا دئیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :