12ربیع الاول کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں، وزیراعلیٰ سندھ کی قانون نافذکرنے والے اداروں کو ہدایت

12ربیع الاول کوصوبے بھرمیں 1028جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی ، 30ہزارپولیس اہلکار تعینات کیئے جائیں گے،آئی جی سندھ کی بریفنگ

ہفتہ 10 دسمبر 2016 20:00

12ربیع الاول کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں، وزیراعلیٰ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ 12ربیع الاول کے موقعہ پر صوبہ بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں اور 12اربیع الاول کے موقعہ پر نکلنے والے جلوسوں اور ریلیوںکے روٹس پر سخت سیکیورٹی ہونی چاہیے۔ انہوں نے یہ ہدایت ہفتہ کووزیراعلیٰ ہائوس میں 12ربیع الاول کے حوالے سے امن و امان کی صورتحال کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کو آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبہ بھر میں 12ربیع الاول کے 1028جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی جن میں سے 400کراچی میں، 361حیدرآباد ، 34میرپورخاص ،20سکھر اور 94لاڑکانہ میں نکالی جائیں گی۔ آئی جی سندھ پولیس نے کہا کہ 12ربیع الاول کو صوبہ بھر میں 30,000پولیس اہلکاروں کو جلوسوں اور ریلیوں کی حفاظت کے لئے تعینات کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

صوبائی سیکریٹری داخلہ نے کہا کہ 12ربیع الاول کے موقعہ پر آرمی اسٹینڈ بائی ہوگی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس اور رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ 12ربیع الاول کو صوبہ بھر میں سیکیورٹی کے حوالے سے فول پروف اقدامات کو یقینی بنایا جائے انہوں نے سندھ پولیس اور رینجرز کو ہدایت کی کہ وہ ملکر اور باہمی روابط کے ساتھ سیکیورٹی انتظامات کریں۔

انہوں نے آئی جی پولیس سندھ سے کہا کہ فیضان مدینہ اور اسکے اطراف میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ خود بھی فیضان مدینہ میں 12ربیع الاول کو یوم ولادت حضرت محمد ﷺ کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کریں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ وہ صوبہ بھر میں 12ربیع الاول کے موقعہ پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے حوالے سے متعلقہ اتھارٹیز کے ساتھ بات کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے 11اور 12ربیع الاول کے موقعہ پر صوبہ بھر میں باالخصوص کراچی ، حیدرآباد ، سکھر اور لاڑکانہ میں نکلنے والے جلوسوں اور ریلیوں کے حوالے سے ٹریفک کو کنٹرول کرنے اور جلوسوں اور ریلیوں کے راستوں میں سے تجاوزات اور رکاوٹوں کے خاتمے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ ، کمشنر کراچی اعجاز خان، ایڈیشنل آئی جی پولیس مشتاق مہر، سیکریٹری داخلہ شکیل منگنیجو، وزیراعلیٰ سندھ کے اسپیشل سیکریٹری عبدالرحیم شیخ ، ایڈیشنل آئی جی پولیس سی ٹی ڈی ثناء اللہ عباسی اور وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری نوید کامران بلوچ بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :