سپیشلائزیشن کے دور کے باوجود فیملی فزیشنز کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ‘ گورنر رفیق رجوانہ

ہفتہ 10 دسمبر 2016 19:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ سپیشلائزیشن کے دور کے باوجود فیملی فزیشنز کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں جو عوام کو سستا اور معیاری علاج فراہم کر کے ہسپتالوں کے بوجھ کو کم کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل لاہور میں چوتھی بین الاقوامی سالانہ کانفرنس برائے فیملی فزیشنز سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب خواجہ سلمان رفیق ،وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میجر جنرل (ر) پروفیسر محمد اسلم ،ْ صدر پی ایم اے پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف نظامی سمیت فیملی فزیشنز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔گورنر پنجاب نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کانفرنسز کے انقعاد سے نہ صرف پیشہ وارانہ امور میں نکھار پیدا ہوتا ہے بلکہ کمیونیکیشن گیپ بھی ختم ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ حکومت پنجاب صحت کے شعبے میں ٹھوس اقدامات کر رہی ہے جس کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ عام آدمی کو صحت کی معیاری سہولیات میسر ہیں۔ انہوںنے فیملی فزیشنز پر زور دیا کہ وہ عوام کی خدمت جاری رکھیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے ڈاکٹرز اصل مسیحا اور ستائش کے مستحق ہیں۔ حکومت نے ہمیشہ صحت کے شعبے کی ترقی اور ڈاکٹرز کو کثیر مراعات دینے کے لئے اقدامات کئے ہیں۔ تقریب سے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر میجر جنرل (ر) پروفیسر محمد اسلم نے بھی فیملی فزیشنز کے صحت کے شعبہ میں کردار پرروشنی ڈالی اور ان کے کردار کو سراہا۔