مناسب مارکیٹنگ کے بغیربہترین کاروباری آئیڈیا بھی کامیاب نہیں ہو سکتا ‘ مفتاح اسماعیل

وفاقی وزیرمملکت و چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ پاکستان کا پنجاب آئی ٹی بورڈ کے پروگرام پلان 9کی پہلی بیٹھک سے خطاب،انٹرپریونرز ، اساتذہ و طلبہ کی بڑی تعداد کی شرکت

ہفتہ 10 دسمبر 2016 19:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر ِ مملکت و چیئرمین پاکستان سرمایہ کاری بورڈ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ کاروبار چلانے کے لئے مناسب مارکیٹنگ کی کلیدی اہمیت ہے اور اس کے بغیر اچھا سے اچھا آئیڈیا بھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔ وہ گذشتہ روز ارفع ٹاور میں پنجاب آئی ٹی بورڈ کے پروگرام پلان9کے زیر اہتمام منعقدہ پہلی ’’بیٹھک‘‘ سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر انٹرپریونرز، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ کئی سال پر محیط اپنی کہانی بیان کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ بلا شبہ کاروبار میں نت نئے تصورات اور تجربات کی اپنی اہمیت ہے لیکن یہ ضروری ہے کہ ان کی بنیاد کسی دوسر ے کے آئیڈیا پر نہ ہو ۔انہوں نے شرکا ء کو ناکامیوں اور کامیابیوں کے راز بتاتے ہوئے کئی مفید مشورے دیے۔

(جاری ہے)

شرکا ء نے ان سے کئی سوالات بھی کیے۔ مفتاح اسماعیل نے ’’بیٹھک ‘‘ کے نام سے شروع کیے گئے پی آئی ٹی بی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے ہم سب کو ایک دوسرے سے سیکھنے کا موقع ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر شعبے کے طالب علموں کے لئے دوسروں کے تجربات جاننا بے حد ضروری ہے۔مشیروزیر اعلیٰ پنجاب برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی وچیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈڈاکٹر عمر سیف نے ایک بیان میں معزز مہمان کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی ٹی بی کے پروگرام پلان9، پلان Xاور ٹیک ہب کنیکٹ پاکستان بھر میں انٹرپریونرز کو بھر پور راہنمائی فراہم کر رہے ہیں اور ان کی کاوشوں سے بیرونی سرمایہ کاروں کا پاکستان بالخصوص پنجاب میں سرمایہ کاری کرنے کا رحجان بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے کاروباری سرگرمیوں کو بہت زیادہ فروغ دیا جا سکتا ہے لہٰذا پاکستان میں سٹارٹ اپ کلچر کو آگے لے جانا وقت کا اہم تقاضا ہے۔

متعلقہ عنوان :