کمشنر کی9 اہم سڑکوں پر زمین دوز بورنگ کیلئے سروے مکمل کرنے کی ہدایت

ہفتہ 10 دسمبر 2016 19:35

لاہور۔10 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2016ء) کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل نے ہدایت کی ہے کہ سیف سٹیز پراجیکٹ، سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ لاہور، محکمہ آبپاشی، ایل ڈی اے کی مشترکہ ٹیم منگل تک 9 اہم سڑکوں پر زمین دوز بورنگ (انڈرگراؤنڈ) کے لیے سروے مکمل کرے، انہوں نے کہا کہ سیف سٹیز پراجیکٹ حکومت پنجاب کا میگا پراجیکٹ ہے جس پر کام کی رفتار و معیار کو قائم رکھنے کے لیے متعلقہ محکمے سیف سٹی پراجیکٹ اتھارٹی کو این او سی جاری کریں، انہوں نے واضح کہا کہ لاہور کی اہم ترین شاہراہوں کو کاٹ کر فائبر آپٹک بچھانے سے ہرممکن احتراز کیا جائے گا جس کے باعث سڑکوں کی مکمل مرمت سمیت ٹریفک روانی میں رکاوٹ جیسے اہم ترین مسائل سے شہریوں کو بچایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ انڈر گراؤنڈ بورنگ کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے ماہرین کی مشترکہ ٹیم دو روز میں اپنا سروے مکمل کرکے رپورٹ پیش کرے گی۔

(جاری ہے)

کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار سیف سٹیز پراجیکٹ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید، چیف آپریٹنگ آفیسر سیف سٹیز پراجیکٹ اطہر اسماعیل، چیف انجینئر آبپاشی ریاض ارشد، ڈائریکٹر والڈسٹی آصف تنویر، ای ڈی او ورکس لاہورسعید طاہر و دیگر افسران نے شرکت کی۔