دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبہ سے اپنے فرائض سرانجام دینے والے ڈاکٹرز اصل مسیحا ہیں،خواجہ سلمان رفیق

ہفتہ 10 دسمبر 2016 19:35

لاہور۔10 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2016ء)صوبائی وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہاہے کہ سینئر معالجین اور جونیئر ڈاکٹرز اکثریت نے نوجوان ڈاکٹروں کے ایک گروپ کی جانب سے ہفتہ کے روز سرکاری ہسپتالوں کے آئوٹ ڈورز میں ہڑتال کی کال کو مسترد کرتے ہوئے اپنے فرائض منصبی سرانجام دئیے اور غریب مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی جاری رکھی،خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبہ سے اپنے فرائض سرانجام دینے والے ڈاکٹرز اصل مسیحا او ر ستائش کے مستحق ہیں، صوبائی وزیر نے مزید کہاکہ حکومت نے ہمیشہ صحت کے شعبے کی ترقی اور ڈاکٹرز کو بہتر سے بہتر مراعات دینے کے اقدامات کئے ہیں یہی وجہ ہے کہ ڈاکٹرز کمیونٹی کی اکثریت پوری طرح مطمئن نظر آتی ہے تاہم بعض نوجوان ڈاکٹرز نان ایشوز کو ایشو بنا کر ہسپتالوں کی Smooth ورکنگ کو خراب کرنے اور مریضوں کے علاج معالجہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں- خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پوسٹ گریجوایشن داخلوں کے لئے پنجاب ریزیڈنسی پروگرام شروع کیا گیاہے جس کا اولین مقصد ایک ٹرانسپیرنٹ اور میرٹ پر مبنی نظام رائج کرناہے تاکہ حقدار کو اس کا حق مل سکے اور ہونہار طلبا وطالبات میرٹ کی بنیاد پر آگے آئیں جس سے میڈیکل کے شعبے میں قابل ڈاکٹر تیار ہوں گی-خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہاکہ ریزیڈنسی پروگرام کی داخلہ کمیٹی نے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد قابل عمل تجاویز کو پہلے ہی ایڈمیشن پالیسی کاحصہ بنالیاہے لہذا اب اس حوالے سے کسی قسم کا احتجاج بے معنی ہی-خواجہ سلمان رفیق نے ہفتہ کے روز نوجوان ڈاکٹرز کی ہڑتال کی ناکامی کے حوالے سے کہا کہ ان کی ہڑتال کی کال سے ہسپتالوں کے آئوٹ ڈور میں پانچ سے دس فیصد تک مریض کم آئے او رجمع کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق ہفتہ کے روز میو ہسپتال میں 5296 ، سروس ہسپتال میں 1574 ، لاہور جنرل ہسپتال میں2915، جناح ہسپتال 2175 ، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں 1732 ، گنگارام ہسپتال میں 1051 ، چلڈرن ہسپتال میں 1481 ، الائیڈ ہسپتال فیصل آباد 2300 ،ڈی ایچ کیو ہسپتال فیصل آباد 1173 ، بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاولپورمیں3751، ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں 1462 ، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال راولپنڈی میں 1507 ، بے نظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی میں 1500، نشتر ہسپتال ملتان میں 2700 اور ڈینٹل ہسپتال لاہور میں 325مریضوں کو ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرو ں نے علاج معالجہ کی سہولیات مہیا کیں-