12 ربیع الاول کے موقع پر صوبہ بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں، وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت

ہفتہ 10 دسمبر 2016 19:29

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ 12 ربیع الاول کے موقع پر صوبہ بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں اور جلوسوں اور ریلیوں کے روٹس پر سخت سیکیورٹی اقدامات کئے جائیں۔ ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے وزیراعلیٰ ہائوس میں 12 ربیع الاول کے حوالے سے امن و امان کی صورتحال کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کو آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبہ بھر میں 12 ربیع الاول کے 1028 جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی جن میں سے 400 کراچی میں، 361 حیدرآباد، 34 میرپورخاص، 20 سکھر اور 94 لاڑکانہ میں نکالی جائیں گی۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ 12 ربیع الاول کو صوبہ بھر میں 30 ہزار پولیس اہلکاروں کو جلوسوں اور ریلیوں کی حفاظت کے لئے تعینات کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

صوبائی سیکریٹری داخلہ نے کہا کہ 12 ربیع الاول کے موقع پر آرمی اسٹینڈ بائی ہو گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ 12 ربیع الاول کو وہ باہمی روابط کے ساتھ سیکیورٹی انتظامات کریں۔ انہوں نے آئی جی پولیس سندھ سے کہا کہ فیضان مدینہ اور اس کے اطراف میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ خود بھی فیضان مدینہ میں 12 ربیع الاول کو یوم ولادت حضرت محمدﷺ کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کریں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں 12 ربیع الاول پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے حوالے سے متعلقہ اتھارٹیز کے ساتھ بات کریں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے 11 اور 12 ربیع الاول کے موقع پر صوبہ بھر باالخصوص کراچی، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں نکلنے والے جلوسوں اور ریلیوں کے حوالے سے ٹریفک کنٹرول کرنے اور جلوسوں اور ریلیوں کے راستوں میں سے تجاوزات اور رکاوٹوں کے خاتمے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی پولیس مشتاق مہر، سیکریٹری داخلہ شکیل منگنیجو، وزیراعلیٰ سندھ کے اسپیشل سیکریٹری عبدالرحیم شیخ، ایڈیشنل آئی جی پولیس سی ٹی ڈی ثناء اللہ عباسی اور وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری نوید کامران بلوچ بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :