کراچی ،لیاقت علی خان چوک کے قریب ہنگامہ آرائی اور پولیس کے ساتھ تصادم

ایم کیو ایم لندن کے کارکنان کے خلاف عزیز آباد تھانے میں مقدمہ درج

ہفتہ 10 دسمبر 2016 19:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 دسمبر2016ء) کراچی کے علاقے عزیز آباد میں لیاقت علی خان چوک (مکا چوک) کے قریب ہنگامہ آرائی اور پولیس کے ساتھ تصادم میں ملوث متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) لندن کے کارکنان کے خلاف عزیز آباد تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گذشتہ روز لیاقت علی خان چوک اور نائن زیرو کے اطراف موجود یوم شہداء منانے والے ایم کیو ایم لندن کے کارکنان کی جانب سے ’ یادگار شہداء ' پر حاضری کی کوشش کی گئی تھی، جسے پولیس کی جانب سے روکا گیا تھا۔

روکے جانے پر ایم کیو ایم لندن کے کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا تھا، جس پر پولیس نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے کئی افراد کو حراست میں لے لیا تھا۔لیاقت علی خان چوک پر ایم کیو ایم کا جھنڈا لہرانے اور پولیس پر پتھراؤ میں ملوث ان کارکنان کے خلاف عزیز آباد تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جس میں ہنگامہ آرائی اور نقصِ امن کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔عزیزآباد تھانے میں درج کیے جانے والے مقدمے میں 15 سے زائد افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔