فنڈز کی فراہمی کے باوجود سرگودھا ریجن میں وٹنری ہسپتالوں کیلئے ادویات کی خریداری تاحال عمل میں نہ لائی جا سکی

صوبائی سیکرٹری لائیو سٹاک نے محکمہ کے چاروں ضلعی افسران سے وضاحت طلب کرلی ،خریداری کیلئے 20دسمبر کی ڈیڈ لائن

ہفتہ 10 دسمبر 2016 19:04

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 دسمبر2016ء)فنڈز کی فراہمی کے باوجود سرگودھا ریجن میں رواں مالی سال کے تحت وٹنری ہسپتالوں کیلئے ادویات کی خریداری تاحال عمل میں نہ لائی جا سکی ،جس پر صوبائی سیکرٹری لائیو سٹاک نے محکمہ کے چاروں ضلعی افسران سے وضاحت طلب کرتے ہوئے خریداری کیلئے 20دسمبر کی ڈیڈ لائن دیدی ،ذرائع کے مطابق حکومت کی طرف سے محکمہ لائیو سٹاک ضلع سرگودھا کو 9لاکھ روپے ،بھکر 33لاکھ روپے ،خوشاب 35لاکھ روپے اور ضلع میانوالی کو 10لاکھ روپے کے فنڈز جاری ہوئے کئی ماہ گزر چکے گئے ہیں،مگر افسران کی عدم توجہی کے باعث ادویات کی خریداری شروع نہیں کی گئی، جس کے باعث ریجن کے وٹنری ہسپتالوں میں سرکاری ادویات کی عدم فراہمی کے باعث متوسط اورغریب فارمر کومہنگے علاج معالجہ کے باعث شدید پریشانی کا سامنا ہے ،جس پر سیکرٹری لائیو سٹاک نے نوٹس لیتے ہوئے اظہار برہمی کے ساتھ ڈائریکٹر لائیو سٹاک سرگودھا ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ ڈی ایل او حضرات سے وضاحت طلب کرتے ہوئے پوچھا جائے کہ ادویات کی خریداری میں تاخیر کیوں ہو رہی ہے جبکہ 20دسمبر تک ادویات خرید کر عملدرآمد کی رپورٹ ارسال کرنے کا بھی کہا گیاہے ۔