وزیراعلیٰ شہبازشریف کی بلامقابلہ منتخب میئرز، ڈپٹی میئرز،چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں کو مبارکباد

جھوٹ اور الزام تراشی کرنے والے شکست خوردہ عناصر کی منفی سیاست ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن ہو گئی ،جو لوگ انتشار پھیلانا چاہتے تھے، آج ان کی منفی سیاست خود انتشارکی نذر ہو چکی ، پاکستان کے عوام نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہ افراتفری یا انتشار نہیں بلکہ ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں، ترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے والے عناصر اپنے عزائم میں پہلے بھی ناکام رہے اور آئندہ بھی ناکام رہیں گے،منتخب بلدیاتی نمائندے اپنا آرام قربان کرکے عوام کی خدمت میں جت جائیں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا بیان

ہفتہ 10 دسمبر 2016 19:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے مختلف شہروں کے بلا مقابلہ منتخب ہونے والے میئرز، ڈپٹی میئرز، ضلع کونسلوں و میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ بلدیاتی ادارے شہریوں کے مسائل مقامی سطح پر حل کرنے کا موثر نظام ہے اور ان اداروں کے قیام سے نچلی سطح پر عوام کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی اور مقامی سطح پر ترقی کا عمل مزید تیزی سے آگے بڑھے گا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )نے بلدیاتی انتخابات کے تمام مراحل میں ریکارڈ کامیابی حاصل کی ہے اور مسلم لیگ (ن) کی یہ شاندار کامیابی عوام کا پارٹی قیادت سے والہانہ محبت کا اظہار ہے۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو اپنے ایک بیان میںوزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے منتخب بلدیاتی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ عوام کی خدمت میں جت جائیں اور شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں کیونکہ عوام نے بلدیاتی نمائندوں پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، اس کا تقاضا ہے کہ اس پر ہر صورت پورا اترنے کیلئے اپنا آرام قربان کرکے عوام کی خدمت کی جائے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام نے بلدیاتی انتخابات میں شرافت، خدمت، دیانت، امانت اور شفافیت کی سیاست کے حق میں فیصلہ دیا ہے اور مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کرا کر حکومتی پالیسیوں کی بھرپور تائید کی ہے۔ انہو ںنے کہا کہ عام انتخابات 2013 کی طرح بلدیاتی الیکشن کے مختلف مراحل میں بھی جھوٹ اور الزام تراشی کرنے والے شکست خوردہ عناصر کی منفی سیاست ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن ہو گئی ہے اور جو لوگ انتشار پھیلانا چاہتے تھے آج ان کی منفی سیاست خود انتشار کی نذر ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہ افراتفری یا انتشار نہیں بلکہ ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں۔ ملکی ترقی کے پروگرام میں روڑے اٹکانے والے یہ عناصر اپنے مذموم عزائم میں پہلے بھی ناکام رہے اور آئندہ بھی کامیاب نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے پروگرام کو مشن سمجھ کر آگے بڑھا رہے ہیں اور آئندہ ڈیڑھ برس کے دوران عوام کی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے۔