وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقا ت

سندھ حکومت ،عوام آزاد کشمیر ،مقبوضہ کشمیر کے عوام کیساتھ کھڑے ہیں ،اس سلسلے میں ذمہ داریاںپوری کرینگے،مراد علی شاہ

ہفتہ 10 دسمبر 2016 18:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2016ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموںو کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان وفاقی ٹیکسوں میں آزاد کشمیر کا حصہ بڑھانے ، اٹھارویں ترمیم کے بعد پید ا ہونے والے مالیاتی و انتظامی مسائل کے حل کے حوالے سے بین الاصوبائی رابطہ مہم پرروانہ۔ وزیراعلیٰ سند ھ سید مراد علی شاہ سے وزیر اعلیٰ ہاوس کراچی میں ملاقات۔

اس موقع پر سند ھ کی اعلیٰ سطحی بیوروکریسی کے ممبران بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر کا وزیر اعلیٰ ہائوس کے مرکزی دروازے پر سید مراد علی شاہ کی قیادت میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا کہ پاکستان کے آئین میں اٹھارویں ترمیم کے بعد وسائل کی صوبوں کو تقسیم(این ایف سی ایوارڈ)میں آزاد کشمیر کے ٹیکسزکا حصہ کم ہوگیا ہے جبکہ فارمولے کے تحت آزاد کشمیر اور بلوچستان کا حصہ برابر ہوتا ہے تاہم ابھی بلوچستان کا ساڑھے نو فیصد اور آزاد کشمیر کا اڑھائی فیصد ہے ۔

(جاری ہے)

اسی طرح ارسا میں نمائندگی ہونے کے باعث آزاد کشمیر کے شہر میرپور کو پینے کے پانی کی فراہمی کا مسئلہ ہے ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیر اعظم آزاد کشمیر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ پاکستان کا ہر شہری بالخصوص سندھ کے عوام آزاد کشمیر کو اپنی شہ رگ سمجھتے ہیں اور ہر فورم پر مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور آواز بلند کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے ۔

آزاد خطہ میںجمہوری طریقے سے عوام اپنے نمائندے منتخب کرتے ہیں جبکہ مقبوضہ کشمیر میں دھونس دھاندلی کے ذریعے عوامی رائے عامہ بلڈوز کر کے لوگ مسلط کیے جاتے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم آزاد کشمیر کو بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ سندھ کی حکومت اور عوام آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریوںپوری کریں گے۔