Live Updates

تحریک انصاف نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی نا اہلی کیلئے ریفرنس کی تیاری کا کام مکمل کر لیا

اورنج ٹرین منصوبے میں اربوں روپے لگا کر کام بند پڑا ہے، اب اگر روٹ تبدیل کیا گیا تو اس بھاری مالی نقصان کو کون پورا کرے گا شہباز شریف کو خیبر پختونخو ا کی حکومت سے سیکھنا چاہئے وہ کام جو پوری ملکی تاریخ میں نہیں ہوئے وہ پی ٹی آئی نے کر دکھائے‘میاں محمود الر شید

ہفتہ 10 دسمبر 2016 18:56

تحریک انصاف نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی نا اہلی کیلئے ریفرنس کی تیاری کا ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2016ء) تحریک انصاف نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی نا اہلی کیلئے ریفرنس کی تیاری کا کام مکمل کر لیا، پارٹی کی منظوری کے بعد پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید ریفرنس دائر کریں گے۔ پنجاب پبلک سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے کہا کہ اورنج ٹرین منصوبے میں اربوں روپے لگا کر کام بند پڑا ہے، اب اگر روٹ تبدیل کیا گیا تو اس بھاری مالی نقصان کو کون پورا کرے گا شہباز شریف بتائیں کہ عوام حکمرانوں کے غلط فیصلوں کا خمیازہ کب تک بھگتیں گے،پورا شہر ترقیاتی کاموں کے نام پر ادھیڑ کر رکھ دیا گیا ہے، ٹریفک کا نظام معطل ہے، حکومت کی کوئی حکمت عملی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو خیبر پختون خو ا کی حکومت سے سیکھنا چاہئے وہ کام جو پوری ملکی تاریخ میں نہیں ہوئے وہ تحریک انصاف نے کے پی کے میں کر دکھائے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی نا اہلی کیلئے ریفرنس کی تیاری کا کام مکمل کر لیا گیا پارٹی کی منظوری کے بعد جلد ریفرنس دائر کر دیں گے۔ میاں محمود الرشید نے مزید کہا کہ صوبے کے میگا منصوبہ جات میں میگا کرپشن ہوئی، مفاد عامہ کے نام پر شروع کی جانے والی سکیمیں ناکام ہوئیں، صوبے میں کرائم بڑھتا جا رہا ہے،لا اینڈآرڈر کی صورتحال بد ترین ہو گئی، ہسپتال اور سرکاری سکول میں سہولیات کا فقدان ہے۔

وزر اء کی ایک بڑی فوج تو بنا لی، بلدیاتی نمائندے بھی منتخب ہو گئے لیکن سب بے اختیار ہیں اور حقیقت یہ ہے کہ عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، کرپشن عروج پر ہے، لوگ اپنے گھروں میں بھی محفوظ نہیں، خواتین کے قتل اور کرپشن میں پنجاب سرفہرست ہے لیکن فنکار اعلیٰ اور انکے نا ہل وزیر، مشیرگڈ گورننس کا دعویٰ کرتے نہیں تھکتے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ قوم کو ان جعلی، جھوٹے سیاست دانوں سے نجات دلائی جائے اس سلسلے میں تحریک انصاف موثر انداز میں عوامی حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے ۔ میاں محمود الر شید نے کہا کہ آئندہ قومی انتخابات میں پنجاب سمیت ملک بھر میںتحریک انصاف اکثریت حاصل کرے گی کیونکہ عوام پا نا مہ زدہ حکمرانوں کی اصلیت جان چکے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات