ڈاکٹررمیش کمارونکوانی کی انسانی حقوق کیلئے خدمات کا اعتراف، صدرِ مملکت نے نیشنل ہیومن رائٹس ایوارڈ سے نواز دیا

عالمی یوم انسانی حقوق کے موقع پر پروقار تقریب،سماجی نا انصافیوں کے حامل معاشرے صفحہ ہستی سے مٹ جاتے ہیں، ونکوانی کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 10 دسمبر 2016 18:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 دسمبر2016ء) صدرِ مملکت ممنون حسین نے پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ اور ا قلیتی ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی کو انکی انسانی حقوق کیلئے خدمات کے اعتراف میں نیشنل ہیومن رائٹس ایوارڈ سے نوازا ہے، تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روزانسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے وزارتِ انسانی حقوق نے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا جسکے مہمانِ خصوصی صدر ممنون حسین تھے، اس موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی دیگر شخصیات کو بھی ایوارڈ دیا گیا، بعد ازاں، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی نے وزارتِ انسانی حقوق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 10دسمبر کو انسانی حقوق کا عالمی دن1948 ء میں اقوامِ متحدہ جنرل اسمبلی میں یونیورسل ڈیکلریشن آف ہیومن رائٹس کی منظوری کی یاد میں منایا جاتا ہے، آج کا دِن اس بات کی یاد دہانی کرواتا ہے کہ بحیثیت انسان ہمارے مذہبی ،سماجی، ثقافتی اور سیاسی حقوق ہیں جن سے کوئی بھی مہذب معاشرہ انکار نہیں کر سکتا، ایک پرامن معاشرے کا قیام یقینی بنانے کیلئے تمام طبقات کے حقوق کا تحفظ ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ جن معاشروں میں سماجی نا انصافیاں کی گئیں وہ بہت جلد صفحہ ہستی سے مٹ گئے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں اقلیتیوں کے حقوق کے حوالے سے ڈاکٹر رمیش کا کہنا تھا کہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کو مکمل مذہبی،سماجی اور سیاسی حقوق فراہم کرتا ہے،ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی کا کہنا تھا کہ اسلام اخوت اور مساوات پر مبنی معاشرے کے قیام پر زور دیتا ہے اورپیغمبراسلام کے خطبہ حج میں اس کی واضح احکامات ملتے ہیں۔ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی نے مزید کہا کہ پاکستان ہندو کونسل نے ہمیشہ پاکستان میں بسنے والے تمام مظلوم باشندوں کے حق کے لیے آواز بلند کی ہے اور مستقبل میں بھی بلاتفریق کرتی رہے گی، اقلیتوں کو پورا حق حاصل ہے کہ وہ مکمل مذہبی و سماجی آزادی کے ساتھ باعزت زندگی بسر کریں۔