Live Updates

نواز شریف اور عمران خان کی نورا کشتی بے نقاب ہوگئی ،عمران خان کے ہر عمل نے نواز شریف حکومت کو سیاسی طور پر فائدہ پہنچایا

پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرسعید غنی کابیان

ہفتہ 10 دسمبر 2016 18:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 دسمبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرسعید غنی نے کہا ہے کہ نواز شریف اور عمران خان کی نورا کشتی بے نقاب ہوگئی ہے،عمران خان کے ہر عمل نے نواز شریف حکومت کو سیاسی طور پر فائدہ پہنچایا۔ ہفتہ کواپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ معلوم نہیںکہ عمران خان جلد بازی میں فیصلے کرتے ہیں یا خفیہ ایجنڈا پر عمل پیرا ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چمک ہمیشہ نواز شریف کی مددگار رہی ہے ورنہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید اور آصف علی زرداری کے خلاف اخباری خبروں کو بھی درست مانا گیا اور فوٹو اسٹیٹ کاغذ کو بھی مستند قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے مخالفین کے لئے احتساب اور قانون کے معیار الگ ہیں۔ پیپلزپارٹی کے سینیٹر نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے چار مطالبات قومی اہمیت کے حامل ہیں۔

ان میں سے کوئی نکتہ حکومت سے مخاصمت کا تاثر نہیں دیتا۔ اگر بلاول بھٹو زرداری کے چار مطالبات نہ مانے گئے تو 27دسمبر کے بعد دما دم مست قلندر ہوگا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کل بھی عوام کی طاقت پر یقین رکھتی تھی اور آج بھی عوام کی طاقت سے حکومت کو مجبور کریں گے کہ وہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مطالبات تسلیم کرے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات