مسلمانوں کو تختہ مشق بنا کر کشمیر، فلسطین ، افغانستان ، برما اور عراق سمیت تمام دنیا میں انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں‘ ابو الہاشم ربانی

ہندوئوں اور صہیونیوں کی جانب سے کشمیر، انڈیا اور فلسطین میں ہر روز نئے انداز میں مسلمانوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑے جاتے ہیں مگر انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں آنکھیں بند کئے بیٹھی ہیں

ہفتہ 10 دسمبر 2016 18:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2016ء) جماعة الدعوة لاہور کے مسئول ابو الہاشم ربانی نے کہا ہے کہ مسلمانوں کو تختہ مشق بنا کر کشمیر، فلسطین ، افغانستان ، برما اور عراق سمیت تمام دنیا میں انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں،ہندوئوں اور صہیونیوں کی جانب سے کشمیر، انڈیا اور فلسطین میں ہر روز نئے انداز میں مسلمانوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑے جاتے ہیں مگر انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں آنکھیں بند کئے بیٹھی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور کے مختلف علاقوں میں کارکنان کی مجالس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ابو الہاشم ربانی نے کہا کہ دنیا بھر میں مظلوم مسلمانوں کی عزتیں ،جانیں اور املاک کوئی چیز محفوظ نہیں ہے۔ سینکڑوں کی تعداد میں مسلم نوجوان لاپتہ اور ہزاروں بچے یتیم ہوچکے لیکن اس کے باوجود امریکہ و یورپ کے نام نہاد انسانی حقوق کے علمبردارٹس سے مس نہیں ہورہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے اور عالمی انسانی حقوق کے نام نہاد ادارے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں ہرروز بڑھتے ہوئے بدترین بھارتی و اسرائیلی مظالم ، برما میں مسلم کشی پر خاموشی اختیار کیوں کیے ہوئے ہیں کیا یہ لوگ انسان نہیں انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ پچھلے 66 برس سے یہ دن منارہا ہے مگر کشمیری و فلسطینی تو ستر برس بیت جانے کے بعد بھی اس حق سے محروم ہیں۔ صعوبتوں ، شہادتوں اور قید وبند کی مصیبتوں کے جھیلتے وہ آج بھی دنیا سے پوچھتے ہیں کہ ہمیں حق خود ارادیت کب ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اُمت مسلمہ کی رہنمائی کرے اور کسی بھی بیرونی دبائو کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کھل کر فلسطینیوں ا ور کشمیریوں سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی آواز بن جائے۔