ہم صوبے میں پاکستان کے آئین و قانون کے مطابق کام کرنا چاہتے ہیں،وزیراعلیٰ سندھ

کراچی میں امن امان کی صورتحال بہتر ہے ، سندھ حکومت نے ملازمتوں سے پابندی ہٹائی دی ہے صوبے میں ملازمتیں میرٹ کی بنیاد پر دی جارہی ہیں دھابیجی میں 100ملین گیلن پانی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا ہے تاکہ کراچی کے مکینوں کے لیے پینے کے پانی کا مسئلہ حل ہوسکے ،مراد علی شاہ کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 10 دسمبر 2016 18:38

ہم صوبے میں پاکستان کے آئین و قانون کے مطابق کام کرنا چاہتے ہیں،وزیراعلیٰ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں امن امان کی صورتحال بہتر ہے اور ہم صوبے میں پاکستان کے آئین و قانون کے مطابق کام کرنا چاہتے ہیں- انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے ملازمتوں سے پابندی ہٹائی دی ہے صوبے میں ملازمتیں میرٹ کی بنیاد پر دی جارہی ہیں - انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت صوبے سندھ میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جال پھیلاکر عوام کے مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اس ضمن میں دھابیجی میں کراچی شہرکے لیے روزانہ کی بنیاد پر 100 ملین گیلن پانی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے تاکہ کراچی کے مکینوں کے لیے پینے کے پانی کا مسئلہ حل ہوسکے - ان بات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ضلع ٹھٹھہ میں دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے ایک سو ملین گیلن پانی روزانہ کے لیے منصوبے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی - وزیر اعلیٰ سندھ نے منصوبے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں سے کراچی کے مکینوں کے لیے پچاس ملین گیلن اضافی پانی فراہم ہوسکے گا جس سے ان کی پریشانیوں میں کمی ہوگی- انہوں نے بتایا کے اس منصوبے پر حکومت سندھ کی جانب سے 1432.850 ملین روپے خرچ کیے جائیں گے جبکہ یہ پمپنگ اسٹیشن 6 پمپوں پر مشتمل ہو گا ۔

(جاری ہے)

جس سے میں سے 4 پمپس آپریشنل ہوں گے اور 2 اسٹینڈ بائے ہوں گے تاکہ ہنگامی صورتحال میں ان دونوں پمپس کو استعمال کیا جاسکے ۔ وزیر سندھ مرا د علی شاہ نے بتایا کہ ان منصوبوں کے علاوہ دیگر کئی ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں جبکہ 1.2 ملین کی لاگت سے دھابیجی کے تمام واٹر پمپس کی بحالی اور مرمت پر بھی جلدکام شروع کیا جائے گا ۔ اس ضمن میں ایم ڈی کراچی واٹر بورڈ اینڈ سیوریج کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام منصوبوں کی آیندہ سال کے ماہ مئی 2017 تک مکمل کرنے کو یقینی بنایا جائے ۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ حکومت سندھ صوبے کی ترقی کے لیے کوشاں ہے اور کے فور منصوبے پر بھی تیزی سے کام جاری ہے اس کے علاوہ کراچی کے لیے 16 سے زیادہ منصوبوں پر کام جاری ہے ۔ اس ضمن وزیر بلدیات جام خان شورو کو بھی ہدایت کی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کراچی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور 10 ارب روپے کے خصوصی پیکیج کے تحت مختلف ترقیاتی کام جاری ہیں اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھابیجی میں کراچی کے لیے پانی کی فراہمی کا پہلا منصوبہ 1959 میں شروع کیاگیا اور آخری منصوبہ کے 3 2006 میں مکمل کیا اس کے بعد اب 100 ملین گیلن پانی کا منصوبہ شروع کیاگیا ہے جو کہ ڈیڑھ سال میں مکمل ہو گا ۔

انہوں نے کراچی واٹر بورڈ اینڈ سیوریج کو ہدایت کی کہ وہ دھابیجی اور اردگرد کے علاقوں کے عوام کی پانی کی ضروریات کا خیال رکھتے ہوئے ان کو بھی پانی کی سہولیات فراہم کریں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ کراچی شہر کو پانی فراہم کرنے کے لیے حکومت سندھ کے الیکٹرک کو ماہانہ کروڑوں روپے بجلی کی مد میں دے رہی ہے اور اس مسئلے کے حل کے لیے حکومت سندھ کی جانب سے منصوبہ بندی کی جارہی ہے تاکہ دھابیجی میں حکومت سندھ کے اخراجات پر پاور پلانٹ قائم کیا جائے جس سے کراچی کے لوگوںکو پانی کی فراہمی بلا تعطل ہو سکے گی ۔

اور حکومت سندھ کے اخراجات بھی بچے گے ۔ قبل ازیں صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ وزیر اعلیٰ سندھ اور سندھ حکومت کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اس روزانہ 100 ملین گیلن پانی کے منصوبے کے علاوہ دیگر منصوبوں پر بھرپور تعاون کیا ہے ۔ اور انہوں نے وزیر اعلیٰ سند ھ کو یقین دلایا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور کراچی کے بلدیاتی ادارے کراچی کے لوگوں کی خدمت کرتے رہے گے ۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دھابیجی میں مذکورہ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے خصوصی معاون نادر حسین خواجہ ،سابق صوبائی وزیر صادق میمن اور منتخب عوامی نمایندے کے علاوہ ضلعی انتظامیہ بھی موجود تھی ۔

متعلقہ عنوان :