جنید جمشید سچے پاکستانی ،دین کی خدمت کرنے والے تھے،خواجہ سعد رفیق

حویلیاں میں حادثہ کا شکار ہونیوالے جہاز کا بلیک باکس مل گیا ،ڈی کوڈ ہونے سے پہلے کچھ نہیں کہ سکتے ،وفاقی وزیر ریلوے جنید جمشید کی ڈی این اے رپورٹ آنے میں تین سے چار دن لگ سکتے ہیں،نماز جنازہ کیلئے کوئی وقت طے نہیں ہوا ،ہمایوں جمشید کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 10 دسمبر 2016 18:36

جنید جمشید سچے پاکستانی ،دین کی خدمت کرنے والے تھے،خواجہ سعد رفیق
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ حویلیاں میں ہونے والے حادثہ کا شکار ہونے والے جہاز کا بلیک باکس مل گیا ہے ۔بلیک باکس ڈی کوڈ ہونے سے پہلے کچھ نہیں کہہ سکتے ۔پی آئی اے میں سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔حکومت پی آئی اے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے ۔

جنید جمشید ایک سچے پاکستانی اور دین کی خدمت کرنے والے تھے ۔ان کی وفات سے جو خلا پیدا ہوا ہے وہ کبھی پر نہیں ہوسکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے ہفتہ کو ڈیفنس میں معروف نعت خواں جنید جمشید کی رہائش گاہ پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوںنے جنید جمشید اور طیارہ حادثہ میں شہید ہونے والے دیگر افراد کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور جنید جمشید کی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جنید جمشید سے ہمارے خاندان کا قریبی تعلق تھا ۔میرے بھائی خواجہ سلمان رفیق اور جنید جمشید نے ایک ساتھ تعلیم حاصل کی تھی ۔جنید جمشید ایک سچے پاکستانی اور دین کی خدمت کرنے والے شخص تھے ۔وہ دین کی خدمت کے لیے چترال گئے تھے ۔انہوںنے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا ۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ طیارہ حادثہ کی تحقیقات جاری ہیں ۔

تحقیقات کے بعد اصل وجوہات کا تعین کیا جائے گا ۔اس موقع پر جنید جمشید کے بھائی ہمایوں جمشید نے کہا کہ ڈی این اے کی رپورٹ آنے میں تین سے چار دن لگ سکتے ہیں ۔نماز جنازہ کی ادائیگی کے لیے کوئی وقت طے نہیں کیا گیا ہے ۔نماز جنازہ کے حوالے سے مفتیان کرام سے مشاورت جاری ہے ۔انہوںنے جنید جمشید کی وفات پر تعزیت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا ۔