سپریم کورٹ نے پاناما کا بال واپس سیاستدانوں کی کورٹ میں ڈال دیا ہے،پی آئی اے کے چیئرمین اعظم سہگل انتہائی نااہل شخص ہیں،نیشنل ایکشن پلان کو سابق جنرل راحیل شریف کے زمانے والی روح کے ساتھ اپنے منطقی انجام تک پہنچایا جائے، جمیعت علماء اسلام (ف ) کے مرکزی رہنما مولانامحمد اجمل قادری کی ملتان میں پریس کانفرنس

ہفتہ 10 دسمبر 2016 18:27

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 دسمبر2016ء) جمیعت علماء اسلام (ف ) کے مرکزی رہنما مولانامحمد اجمل قادری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے پانامہ لیکس پرعدالتی کمیشن بنا کر سیاست کے معاملات عدالت میں لانے کی روایت کو بڑی خوبصورتی سے غلط طرف جانے سے روک دیاہے اور پاناما کا بال واپس سیاستدانوں کی کورٹ میں ڈال دیا ہے۔

پی آئی اے کے چیئرمین اعظم سہگل انتہائی نااہل شخص ہیں۔ پی آئی اے کی زبوں حالی کو دور کرنے کے لئے معاملات کے اصلاحات کی ضرورت ہے جس کی وجہ سے جنید جمشید سمیت کئی قیمتی جانوں کا نقصان ہوا۔ پیغام اسلام کانفرنس 15دسمبر کو رحیم یار خان میں منعقد ہو گی جس میں جے یو آئی (ف ) ، جے یو آئی (س ) ، مجلس تحفظ ختم نبوت ، مجلس احرار اسلام سمیت تمام دینی جماعتیں مشترکہ طور پر دہشت گردی اور فرقہ واریت کے خلاف اپناکر دار ادا کریں گی ۔

(جاری ہے)

نیشنل ایکشن پلان کو سابق جنرل راحیل شریف کے زمانے والی روح کے ساتھ اپنے منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ملتان آمد پر پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔اس موقع پر جہانزیب ایڈووکیٹ اور قاری بلال بھی ہمراہ تھے ۔مولانا محمد اجمل قادری نے مزید کہا کہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ جنوبی پنجاب صوبے اور ریاست بہاولپور کی بحالی کے اعلان سے پورے ملک میں ڈیموکریسی کا ایک خوبصورت دور شروع ہو جائے گا جے یو آئی (س ) پاکستان صرف جنوبی پنجاب صوبے اور بہاولپور کی بحالی تک ہی نہیں فاٹا کو بھی صوبہ بنانے کی قائل ہے اور نئے صوبوں کے لئے آئین میں تبدیلی کے حوالے سے سینیٹ میں پیپلز پارٹی اور قومی اسمبلی میں (ن) لیگ کے پاس اکثریت ہے کا مشترکہ قدم موجودہ پارلیمنٹ کی توقیر کو بڑھا دے گا انہوں نے کہا کہ دنیا منتخب نئی بلدیاتی قیادت کو دیکھ رہی ہے۔

جے یو آئی (س ) سندھ اور بلوچستان میں پیپلز پارٹی کے ساتھ جبکہ پنجاب اور کے پی کے میں (ن) لیگ کے ساتھ آگے بڑھنا چاہ رہی ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ہم یہ بھی یہ سمجھتے ہیں کہ 2018کے انتخابات کا وقت سے قبل ہو جانا ڈیمو کریسی کی طرف لے جائے گا انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے پانامہ لیکس پرکمیشن بنا کر سیاست کے معاملات عدالت میں لانے کی روایت کو بڑی خوبصورتی سے غلط طرف جانے سے روک دیاہے انہوں نے کہا کہ جس جہاز کو تین سال قبل انڈر گرائونڈ کر دیا گیا تھا وہ چلایا جاتا رہا پی آئی اے کے معاملات کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔ ۔