سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کو دوسال بیت گئے،سانحہ کے ننھے شہداء کی دوسری برسی 16دسمبر کو منائی جائے گی

شہداء کی یاد میں ملک بھر میں تقریبات کا سلسلہ شروع،16دسمبر کو قومی سطح پر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا

ہفتہ 10 دسمبر 2016 18:26

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 دسمبر2016ء) سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کو دوسال بیت گئے ،سانحہ کے ننھے شہداء کی دوسری برسی 16دسمبر کو منائی جائے گی۔شہداء کو خراج تحسین کرنے کیلئے ملک بھر میں تقریبات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔سماجی تنظیموں اور سول سوسائٹی کی طرف سے سانحہ پشاور کے شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی جارہی ہیں جبکہ 16دسمبر کو ملک بھر میں قومی سطح پر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

سانحہ پشاورپاکستان میں ہونے والادہشت گردی کاسب سے بھیانک اور المناک سانحہ تھا،جس نے پوری دنیا کو ہلاکررکھ دیا۔16دسمبر2014کو سفاک دہشت گردوں نے آرمی پبلک سکول پشاور میں حیوانیت کی انتہا کرڈالی،دہشت گردوں کے اس حملے میں 132معصوم بچوں سمیت 141افراد شہید ہوئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

معصوم بچوں کی اس قربانی نے پوری قوم کو جھنجوڑ کررکھ دیااور پوری قوم اختلافات بھلاکرپاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگئی۔

معصوم اور نہتے بچوں کو اپنے ظلم کا نشانہ بنانے والادشمن تو اپنے منطقی انجام کو پہنچ گیامگر وطن پر جان نچھاور کرنے والے ننھے بچوں کی قربانیاں ہمیشہ کیلئے امرہوگئی ہیں جسے پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے اس دلخراش سانحہ کو تقریبا دوسال بیت گئے ہیں ۔16دسمبر کو اس سانحہ کے شہداء کی دوسری برسی منائے جائے گی۔اس سلسلے میںسرکاری و نجی سطح پر تقریبات کا سلسلہ جاری ہے ، شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے شمعیں روشن کی جارہی ہیں جبکہ 16دسمبر کو سانحہ پشاور کے شہداء کی یاد میں قومی سطح پرملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :