انسانی حقوق کیلئے خدمات کا اعتراف، صدر مملکت نے ڈاکٹررمیش کمارونکوانی کو نیشنل ہیومن رائٹس ایوارڈ سے نواز ا

پرامن معاشرے کا قیام یقینی بنانے کیلئے تمام طبقات کے حقوق کا تحفظ ضروری ہے ،سماجی نا انصافیوں کے حامل معاشرے صفحہ ہستی سے مٹ جاتے ہیں، ڈاکٹر رمیش ونکوانی کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 10 دسمبر 2016 17:32

انسانی حقوق کیلئے خدمات کا اعتراف، صدر مملکت نے ڈاکٹررمیش کمارونکوانی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ اور ا قلیتی ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی کو انکی انسانی حقوق کیلئے خدمات کے اعتراف میں نیشنل ہیومن رائٹس ایوارڈ سے نوازا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روزانسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے وزارتِ انسانی حقوق نے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی صدر ممنون حسین تھے، اس موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی دیگر شخصیات کو بھی ایوارڈ دیا گیا، بعد ازاں، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی نے وزارتِ انسانی حقوق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 10دسمبر کو انسانی حقوق کا عالمی دن1948ء میں اقوام ِ متحدہ جنرل اسمبلی میں یونیورسل ڈیکلریشن آف ہیومن رائٹس کی منظوری کی یاد میں منایا جاتا ہے، آج کا دن اس بات کی یاد دہانی کرواتا ہے کہ بحیثیت انسان ہمارے مذہبی ،سماجی، ثقافتی اور سیاسی حقوق ہیں جن سے کوئی بھی مہذب معاشرہ انکار نہیں کر سکتا، ایک پرامن معاشرے کا قیام یقینی بنانے کیلئے تمام طبقات کے حقوق کا تحفظ ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ جن معاشروں میںسماجی نا انصافیاںکی گئیں وہ بہت جلد صفحہ ہستی سے مٹ گئے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں اقلیتیوں کے حقوق کے حوالے سے ڈاکٹر رمیش نے کہا کہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کو مکمل مذہبی،سماجی اور سیاسی حقوق فراہم کرتا ہے،ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی نے کہا کہ اسلام اخوت اور مساوات پر مبنی معاشرے کے قیام پر زور دیتا ہے اورپیغمبراسلام کے خطبہ حج میں اس کی واضح احکامات ملتے ہیں۔ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی نے کہا کہ پاکستان ہندو کونسل نے ہمیشہ پاکستان میں بسنے والے تمام مظلوم باشندوںکے حق کیلئے آواز بلند کی ہے اور مستقبل میں بھی بلاتفریق کرتی رہے گی، اقلیتوں کو پورا حق حاصل ہے کہ وہ مکمل مذہبی و سماجی آزادی کیساتھ باعزت زندگی بسر کریں۔

متعلقہ عنوان :