بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کر رہا ہے، اقوام عالم بھارتی مظالم کے خلاف ہمارا ساتھ دیں

ْوزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 10 دسمبر 2016 17:27

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2016ء) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کر رہا ہے، اقوام عالم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بھارتی مظالم کے خلاف ہمارا ساتھ دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع وزیراعظم آزاد کشمیر نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کئے۔

نیوی بینڈ نے خوبصورت دھن بجا کر مہمان وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اور آج بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 8 لاکھ بھارتی افواج ہمارے کشمیری بھائیوں کو اندھا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج 800 سے زائد کشمیریوں کو انکھوں کی بصارت سے محروم کر چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اقوام عالم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بھارتی مظالم کے خلاف ہمارا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں اقتصادی ترقی کی جانب گامزن ہے، چاروں صوبے مل کر وزیراعظم محمد نواز شریف کا ساتھ دیں تاکہ پاکستان میں جمہوری اور اقتصادی استحکام کے راستے مزید ہموار ہوں کیونکہ پاکستان ہمارا وکیل ہے اور وکیل کا مستحکم ہونا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کراچی غریبوں کی داد رسی کرنے والا شہر ہے، اس شہر کے لوگوں نے اپنا طرز زندگی تبدیل کیا ہے جس کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر شہر کی رونقیں بحال ہو گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :