کرپٹ افراد کا عدالتی احتساب نہ ہوا تو عوامی احتساب خونی انقلاب کی صورت اختیار کر سکتا ہے‘ صاحبزادہ حامد رضا

پنجاب میں عوام ڈاکوئوں کے رحم و کرم پر ہے ،پولیس عوام کی بجائے حکام کی حفاظت پر مامور ہے‘ چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا خطاب

ہفتہ 10 دسمبر 2016 17:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2016ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ قوم ریاستی اداروں سے مایوس ہوتی جارہی ہے، کرپٹ افراد کا عدالتی احتساب نہ ہوا تو عوامی احتساب خونی انقلاب کی صورت اختیار کر سکتا ہے، پنجاب میں عوام ڈاکوئوں کے رحم و کرم پر ہے جبکہ پولیس عوام کی بجائے حکام کی حفاظت پر مامور ہے، اسلام ہی انسانی حقوق کا سب سے بڑا علمبردار ہے، امریکہ اور بھارت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے سب سے بڑے مجرم ہیں، کشمیر ، فلسطین اور برما میں انسانی حقوق کا احترام کیوں نہیں کیا جاتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم انسانی حقوق کے موقع پر ادارہ فکر و نظر کے زیر اہتمام ریواز گارڈن میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ خطبہ حجتہ الوداع انسانی حقو ق کا پہلا چارٹر ہے۔ ہر سرکاری دفتر میں خطبہ حجتہ الوداع آویزاں کیا جائے۔ اسلام نے انسانیت کو عورتوں ، بچوں اور بوڑھوں کے حقوق کا شعور دیا۔ انسانی حقوق کا راگ الاپنے والوں کو مظلوم کشمیریوں کی چیخیں کیوں سنائی نہیں دیتی۔ دنیا بھر میں مسلمانوں کے انسانی حقوق پامال ہورہے ہیں۔ سیمینار سے ڈاکٹر امجد طفیل، رائے صلاح الدین کھرل ایڈووکیٹ، ڈاکٹر محمد کریم خان، مفتی محمد حبیب قادری نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :