موجودہ دور سائنس و ٹیکنالوجی کا ہے ،پاکستانی نوجوان باصلاحیت ہیں جس شعبے میں قدم رکھیں آسانی سے سر کرلیتے ہیں،میجر جنرل حسن اظہر حیات

ہنر مند طلباء اپنے خاندان، قبیلے ،ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں، پاک فوج سرحدوں کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج نے بے شمار قربانیاں دیں، پاک فوج غیور اور بہادر قبائل کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، تقریب سے خطاب

ہفتہ 10 دسمبر 2016 17:21

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2016ء) پاکستان فوج کی سیون ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈر میجر جنرل حسن اظہر حیات نے کہا ہے کہ موجودہ دور سائنس و ٹیکنالوجی کا دور ہے اور ان شعبوں کو کافی اہمیت حاصل ہی. پاکستانی نوجوان باصلاحیت ہیں، وہ جس شعبے میں بھی قدم رکھیں انہیں آسانی سے سر کرلیتے ہیں. ہنر مند طلباء اپنے خاندان، قبیلے اور ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں۔

پاک فوج سرحدوں کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج نے بے شمار قربانیاں دیں۔ پاک فوج غیور اور بہادر قبائل کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف آر لکی مروت کے علاقہ مستی خیل میں وزیرستان انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن (WITE) لکی سے فنی تعلیم مکمل کرنے والے طلباء کو انعامات کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں کمشنر بنوں کامران زیب، اسسٹنٹ کمشنر لکی مروت عون حیدر گوندل سمیت فوجی افسران اور علاقہ عمائدین بھی بڑی تعداد شریک تھے۔ تقریب میں 145 طلباء میں اسناد اور نقد رقوم تقسیم کی گئیں۔ کامیاب طلباء نے کمپیوٹر، سروے، بلڈنگ الیکٹریشن، ڈرائیونگ اور آٹو مکینک کے کورس مکمل کئے اور ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ کے امتحان میں کامیابی حاصل کی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیون ڈویژن کے جی او سی حسن اظہر حیات نے کہا کہ پاک فوج شمالی وزیرستان میں نوجوانوں کو فنی تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے فاٹا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے وزیرستان انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے مزید کیمپسز میر علی کے علاقوں نورک، جانی خیل اور رزمک میں کھولنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ان کیمپسز سے سالانہ 800 سے زائد قبائلی طلباء مستفید ہوں گے جس سے ان کو پر وقار ذریعہ معاش تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی خواتین کو بھی فنی تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے دستکاری سکولز اور کمیونٹی سینٹرز کا قیام جلد عمل میں لایا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج وطن کی سلامتی اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے اور امن کے قیام کے لئے فوج کے ساتھ ساتھ قبائلی عوام کی قربانیاں بھی ناقابل فراموش ہیں۔ متحد ہوکر ہی دہشت گردی کو شکست دی جاسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :